Monday , August 21 2017
Home / ہندوستان / خلیجی تعاون کونسل ملکوں سے سرمایہ کاری کی خواہش

خلیجی تعاون کونسل ملکوں سے سرمایہ کاری کی خواہش

سعودی عرب میں سی آئی آئی کے 42 رکنی وفد کا صنعتکاروں سے تبادلہ خیال
نئی دہلی 19 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے انفراسٹرکچر جیسے شعبوں میں خلیجی تعاون کونسل (GCC) کے رکن ممالک سے سرمایہ کاری کی خواہش کی ہے۔ حال ہی میں سعودی عرب میں منعقدہ اجلاس کے دوران ہندوستانی وفد نے تبادلہ خیال کیا۔ چوتھے جی سی سی ۔ ہندوستان صنعتی فورم میں 42 رکنی سی آئی آئی کے وفد نے شرکت کی۔ اس فورم نے دونوں جانب تجارتی شراکت داری کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کو فروغ دیا جاسکے۔ خلیجی تعاون کونسل کے 6 ملکوں میں عمان، متحدہ عرب امارات، بحرین، کویت، قطر اور سعودی عرب شامل ہیں۔ توانائی کی ضرورت کو محسوس کرنے والے ملک کی حیثیت سے ہندوستان نے تیل کی دولت سے مالا مال خلیجی تعاون کونسل کے رکن ممالک سے زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کی خواہش کی ہے خاص کر اہم شعبوں جیسے پیٹرو کمیکلس اور فارماسیوٹیکلس میں سرمایہ کاری پر زور دیا گیا۔ سعودی عرب کے وزیر کامرس اور صنعت توفیق الربیعہ کے حوالے سے اس نے کہاکہ خلیج اور ہندوستان کے سرمایہ کاروں کو دونوں جانب صحت مند تجارتی ماحول کا فائدہ اٹھانا چاہئے۔ محکمہ صنعتی پالیسی و فروغ میں جوائنٹ سکریٹری رنویت کور نے کہاکہ خلیجی ملکوں کے تاجرین اور سرمایہ کاروں کو مدعو کرتے ہوئے یہ ترغیب دی جارہی ہے کہ ہندوستان میں سرمایہ کاری کے وسیع تر مواقع موجود ہے۔ ہندوستان کو آنے والے پانچ برسوں کے اندر ایک ٹرائلین امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔

TOPPOPULARRECENT