Thursday , October 19 2017
Home / شہر کی خبریں / خلیجی متاثرین سے انصاف کرنے میں حکومت ناکام

خلیجی متاثرین سے انصاف کرنے میں حکومت ناکام

کل جماعتی اجلاس سے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی کا خطاب
حیدرآباد ۔ /9 مئی (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی نے خلیجی ممالک کے متاثرین سے انصاف کرنے میں ناکام ہوجانے کا تلنگانہ حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے 2019 ء کے عام انتخابات میں کانگریس کی کامیابی پر خلیجی ممالک کے متاثرین کیلئے بجٹ میں ہر سال 100 کروڑ روپئے مختص کرنے کا اعلان کیا ۔ ’’خلیجی ممالک کے متاثرین کی فلاح و بہبود میں حکومت کے رول پر منعقدہ کل جماعتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات بتائی ۔ جس کا ٹی پی سی سی این آر آئی سیل کی جانب سے اہتمام کیا گیا تھا ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ تقریباً 10 لاکھ تلنگانہ کے باشندے دنیا کے مختلف ممالک میں خدمات انجام دے رہے ہیں اور یہ باشندے ہر ماہ تقریباً 1000 کروڑ روپئے ملک کے مختلف بنکوں کو روانہ کررہے ہیں ۔ تلنگانہ کے باشندے ہندوستانی معیشت کو مستحکم کرنے میں غیر معمولی رول ادا کررہے ہیں ۔ تلنگانہ حکومت خلیجی ممالک میں خدمات انجام دینے والے تلنگانہ کے مزدوروں کی فلاح و بہبود میں پوری طرح ناکام ہوگئی جبکہ کے سی آر نے انتخابی مہم میں خلیجی ممالک کے متاثرین کی فلاح و بہبود کیلئے بجٹ میں 500 کروڑ روپئے مختص کرنے کا وعدہ کیا تھا ۔ لیکن اقتدار حاصل ہونے کے بعد گلف متاثرین کو یکسر نظر انداز کردیا گیا ۔ صرف دو یا تین نعشوں کو تلنگانہ لایا گیا ۔ اور کئی باشندوں کی ملازمتیں خطرے میں ہے ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ گلف متاثرین کی فلاح و بہبود کیلئے ٹی آر ایس کے انتخابی منشور میں ڈھیر سارے وعدے کئے گئے ۔ تاہم تین سالہ دور حکومت میں ایک وعدہ بھی پورا نہیں کیا گیا جبکہ خلیج کے علاوہ دوسرے بیرونی ممالک میں خدمات انجام دینے والے غریب مزدور کئی مسائل سے دوچار ہیں ۔ کیپٹن اتم کمار ریڈی نے کہا کہ اگر 2019 ء کے عام انتخابات میں کانگریس پارٹی کامیابی حاصل کرتی ہے تو خلیجی ممالک کے متاثرین کی فلاح و بہبود کیلئے مختلف پروگرامس پر عمل آوری کرے گی ۔ اگر خلیج میں کوئی تلنگانہ کے باشندے فوت ہوجاتا ہے تو اس کے ارکان خاندان کو کانگریس حکومت کی جانب سے 5 لاکھ روپئے ایکس گریشیا دیا جائے گا ۔ تمام متاثرین کے نام ووٹر لسٹ میں شامل کئے جائیں گے ۔ راشن کارڈ مہیا کئے جائیں گے ۔ آروگیا شری ہیلت اسکیم سے فائدہ پہونچایا جائے گا ۔ وظائف کے ساتھ دوبارہ خوشحال زندگی گزارنے کیلئے خصوصی پیاکیج دیا جائے گا ۔ کیرالا اور پنجاب کے طرز پر پیاکیج دینے کی حکمت عملی تیار کی جائے گی ۔ ہزاروں تلنگانہ کے باشندے خلیجی ممالک کے جیلوں میں ہیں کانگریس جیل میں بند مزدوروں کو قانونی امداد فراہم کرے گی ۔ سابق اسپیکر اسمبلی کے آر سریش ریڈی نے خطاب کرتے ہوئے خلیجی ممالک کے متاثرین پر کل جماعتی اجلاس طلب کرنے کی وجوہات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حکومت پر دباؤ بنانے کیلئے اس طرح کا اقدام کیا گیا ہے ۔ کل جماعتی اجلاس سے تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی پروفیسر کوڈنڈا رام اے آئی سی سی سکریٹری ، آر سی کنٹیا سابق صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی پنالہ لکشمیا قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل محمد علی شبیر کے علاوہ دوسرے قائدین نے شرکت کی ۔

TOPPOPULARRECENT