Thursday , October 19 2017
Home / ہندوستان / خواتین کیلئے لڑاکا کردار پر عنقریب فیصلہ

خواتین کیلئے لڑاکا کردار پر عنقریب فیصلہ

وزیر دفاع منوہر پاریکر کا بیان ‘ جاریہ ہفتہ فضائیہ میں خاتون جنگجوپائیلٹس کی تعیناتی کا امکان
ممبئی ۔11اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی فضائیہ کی جانب سے خاتون پائیلٹس کو لڑاکا طیاروں میں تعینات کرنے کی تجویز کے بعد  ممکن ہے کہ وزیر دفاع منوہر پاریکر عنقریب ایسی تعیناتی کا فیصلہ کریں گے ۔ انہوں نے آج کہا کہ ان کی وزارت مسلح افواج میں خواتین کیلئے لڑاکا کردار پر غور کررہی ہے ۔ پاریکر نے کہا کہ مسلح افواج میں خواتین کے لئے لڑاکا کردار مختص کرنے پر غور کیا جارہا ہے اور پالیسی فیصلہ عنقریب کیا جائے گا  ۔ وہ ویلنگکر انسٹی ٹیوٹ برائے انتظامیہ میں وظیفہ یاب فوجی عہدیداروں کے ایک اجتماع سے خطاب کررہے تھے ۔ قبل ازیں جاریہ ہفتہ ایئر چیف مارشل روپ راہا نے کہا تھا کہ ہندوستانی فضائیہ نے خواتین کو لڑاکا طیاروں کے پائیلٹس کی حیثیت سے تعینات کرنے کی تجویز پیش کردی ہے ۔انہوں نے فضائیہ کی 83ویں سالگرہ تقریب کے موقع پر گذشتہ ہفتہ یہ بیان دیا تھا ۔ منوہر پاریکر نے کہا کہ یہ انتہائی بدبختانہ ہے کہ ہمارے وزیراعظم کے اقدامات جیسے ’’ بیٹی بچاؤ اور بیٹی پڑھاؤ ‘‘ ’’ بیٹی کے ساتھ سیلفی‘‘ کو سنجیدگی سے نہیں لیا جارہا ہے ۔

عوام کے صرف مٹھی بھر افراد خاص طور پر خود ساختہ سیکولر ذہنیت کے لوگ اس بارے میں سنجیدہ نہیں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جب وزیراعظم بیٹی کے ساتھ سیلفی کی اہمیت اُجاگر کرتے ہیں تو اس کا مقصد صرف صنفی مساوات کے تنازعہ کی یکسوئی نہیں ہوتا بلکہ صنفی بے حسی کے مسئلہ کی نشاندہی بھی ہوتا ہے جو وسیع تر پس منظر میں ہمارے سماج کا ایک حصہ ہے ۔ منوہر پاریکر آنجہانی لیفٹننٹ دلیپ گپتا کو ان کی 50ویں برسی کے موقع پر خراج عقیدت پیش کرنے یہاں آئے ہوئے تھے ۔ لیفٹننٹ دلیپ جوراپل پر کارروائی کے دوران 11اکٹوبر 1965ء کو ہند ۔ پاک جنگ کے دوران نوجوانی میں ہلاک کردیئے گئے تھے ۔ شخصی احساسات ظاہر کرتے ہوئے پاریکر نے کہا کہ انہوں نے کبھی بھی نہیں سوچا تھا کہ وہ وزیردفاع بن جائیں گے لیکن ہر شخص کی طرح انہیں بھی اپنے مقدر پر قابو نہیں تھا ۔

TOPPOPULARRECENT