Monday , September 25 2017
Home / شہر کی خبریں / خواتین کی صحت و تغذیہ پر محکمہ سائنس و ٹیکنالوجی حکومت ہند کا پروگرام

خواتین کی صحت و تغذیہ پر محکمہ سائنس و ٹیکنالوجی حکومت ہند کا پروگرام

دکن ریڈیو اہم شراکت دار، مشاورتی کمیٹی کی تشکیل، سرکردہ شخصیتوں کی شمولیت

حیدرآباد ۔ 10 اکٹوبر (نمائندہ خصوصی) کمیونٹی ریڈیو معاشرہ میں صحتمند تبدیلی لانے میں اہم رول ادا کرتا ہے خاص طور پر تعلیم، صحت اور کھیل کود کے شعبوں میں ہونے والی تبدیلیوں اور ان کے اثرات سے دنیا کو واقف کراتا ہے۔ عوام میں شعور بیدار کرنے کی خاطر عابد علی خاں ایجوکیشنل ٹرسٹ نے دکن ریڈیو (کمیونٹی ریڈیو) کا سال 2009ء میں آغاز کیا۔ 6 سال کے عرصہ کے دوران دکن ریڈیو نے ملک بھر کے سرفہرست کمیونٹی ریڈیوز میں اپنا نام درج کروانے میں کامیابی حاصل کی۔ اس ریڈیو کو خاص طور پر تعلیم و روزگار اور صحت سے متعلق پروگرامس کے باعث کافی مقبولیت حاصل ہوئی۔ دکن ریڈیو نے بے آوازوں کو آواز دی یعنی ایسے لوگ جو اپنے مسائل کے حل کیلئے فکرمند تھے انہیں دکن ریڈیو کے ذریعہ اپنے مسائل پیش کرنے کا موقع فراہم کیا۔ حال ہی میں حکومت ہند کے محکمہ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے ذریعہ چلائے جارہے پروگرام سائنس فار ویمن ہیلت اینڈ نیوٹریشن (سائنس، صحت و تغذیہ برائے خواتین) کا ایک حصہ دکن ریڈیو کو بھی بنایا گیا۔ اس طرح ملک کے چند ایک کمیونٹی ریڈیوز میں دکن ریڈیو بھی شامل ہے جسے یہ اعزاز حاصل ہوا ہے۔ اس پروگرام کے تحت سال بھر یعنی 365 دن خواتین کی صحت اور تغذیہ کے بارے میں پروگرامس پیش کئے جائیں گے جن میں ماہر امراض نسوں و اطفال، ٹی بی، ایچ آئی وی، خون کی کمی، بچوں کی نگہداشت، تغذیہ و ماحولیات وغیرہ کے ماہر ڈاکٹرس و ماہرین حصہ لیکر خواتین میں شعور پیدا کریں گے۔ اس پراجکٹ کیلئے ایک مشاورتی کمیٹی قائم کی گئی۔ پروفیسر ای ہری بابو سابق وائس چانسلر یونیورسٹی آف حیدرآباد صدرنشین ہوں گے جبکہ کمیٹی کے شریک صدرنشین نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خاں کو مقرر کیا گیا ہے۔ CEMCA کے سابق ڈائرکٹر ڈاکٹر آر سریدھر کو این سی ایس ٹی سی کے نمائندہ کی حیثیت سے مشاورتی کمیٹی میں شامل کیا گیا۔ طبی ماہرین میں ڈاکٹر محمد مشتاق علی ایم بی بی ایس، ایم ڈی، کنسلٹنٹ، جنرل فزیشن ڈاکٹر بابو انجم گائناکالوجسٹ، ایم بی بی ایس، ڈی جی او، ڈاکٹر سید غوث الدین سینئر میڈیکل پریکٹشنر، سیدہ ثناء صدیقہ چیف ڈائٹیشن اینڈ نیوٹریشنٹ شامل ہیں۔ دیگر ارکان میں این سی ایس ٹی سی کے نامزد رکن مسٹر نتیش ناگراجی کمیونکیشن منیجر سی بی آئی اے آر کے علاوہ محترمہ خدیجہ سلطانہ (خواتین میں مہارت پیدا کرنے کے شعبہ کی ماہر)، شریمتی بی مادھوی (سماجی جہدکار)، کلیدی محقق ڈاکٹر سید شجاع الدین قادری عزیز ایم اے پی ایچ ڈی ارکان شامل ہیں۔ محترمہ یاسمین بانو پروگرامس کی کوآرڈینیٹر ہوں گی جبکہ جناب زاہد فاروقی اسٹیشن منیجر دکن ریڈیو مشاورتی کمیٹی کے کنوینر ہوں گے۔

TOPPOPULARRECENT