Sunday , August 20 2017
Home / شہر کی خبریں / دائرۃ المعارف میں عصری علوم کی عربی کتابوں کا انگریزی ترجمہ جلد شروع ہوگا

دائرۃ المعارف میں عصری علوم کی عربی کتابوں کا انگریزی ترجمہ جلد شروع ہوگا

ملک کے ماہرین سے خدمات کا حصول ، مرکز کے پراجکٹ پر عمل کی مساعی ، ڈائرکٹر مصطفی شریف
حیدرآباد۔/17ستمبر، ( سیاست نیوز)  عالمی شہرت یافتہ ادارہ دائرۃ المعارف میں موجود عصری علوم سے متعلق عربی کتابوں کے ترجمہ کا کام جلد شروع ہوگا۔ مرکزی وزارت اقلیتی اُمور نے ’ ہماری دھرور ‘ اسکیم کے تحت اس پراجکٹ کو منظوری دی ہے۔ اس اسکیم کیلئے مرکز نے 37.7کروڑ روپئے مختص کئے اور پہلے سال کے 7کروڑ میں سے 2.80کروڑ روپئے جاری کردیئے۔ عربی کتابوں اور نادر مخطوطات کے انگریزی میں ترجمہ کیلئے ملک بھر سے ماہر مترجمین کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ حیدرآباد میں عربی سے انگریزی میں ترجمہ کرنے والے مترجمین کی تعداد کم ہے لہذا ملک کے دیگر حصوں سے ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ محکمہ اقلیتی بہبود اس سلسلہ میں بہت جلد ایک کمیٹی تشکیل دے گا جس میں دیگر ریاستوں کے ماہرین کو شامل کیا جائے گا۔ ڈائرکٹر دائرۃ المعارف پروفیسر مصطفی شریف کے مطابق پراجکٹ کے تحت ہر سال 40ہزار صفحات کا عربی سے انگریزی میں ترجمہ کرنے کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے۔ دائرۃ المعارف میں 2لاکھ صفحات کا ترجمہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ادارہ کے حکام نے ملک بھر سے 240 نادر مخطوطات کو حاصل کرتے ہوئے ان کی ایڈیٹنگ کی اور انہیں 800جلدوں میں محفوظ کیا جن کے صفحات کی تعداد 2لاکھ ہے۔ اس اسکیم کے تحت عصری علوم سے متعلق کتابوں کا پہلے مرحلہ میں ترجمہ کیا جائے گا جن میں میڈیکل سائنسیس، انجینئرنگ، فزکس، ہسٹری، لٹریچر، آسٹرونومی اور دیگر شعبہ جات شامل ہیں۔ قرآن و حدیث سے متعلق نادر مخطوطات کے ترجمہ کا کام دوسرے مرحلہ میں انجام دیا جائے گا۔ ترکی، جرمنی، برطانیہ کے علاوہ ہندوستان کے بعض شہروں سے یہ نادر مخطوطات حاصل کئے گئے ہیں۔ مرکزی حکومت نے اس پراجکٹ کیلئے 37.7کروڑ روپئے مختص کئے ہیں جو 5سال میں مرحلہ وار طور پر جاری کئے جائیں گے۔ تلنگانہ حکومت پراجکٹ کا 10فیصد خرچ برداشت کرے گی جو مشنری کی خریدی اور دیگر اُمور پر خرچ کئے جائیں گے۔ ڈائرکٹر دائرۃ المعارف کے مطابق مخطوطات کے ترجمہ کے کام پر تقریباً 25کروڑ روپئے کے خرچ کا اندازہ ہے جبکہ دیگر دو پراجکٹس میں ڈیجٹلائزیشن اور آفسیٹ پر ری پرنٹنگ کا کام انجام دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اندرون ایک ہفتہ کمیٹیوں کی تشکیل کا کام مکمل ہوگا جس کے بعد ترجمہ کے کام کا باقاعدہ آغاز ہوگا۔ دائرۃ المعارف کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب کسی پراجکٹ کیلئے اس قدر بھاری رقم منظور کی گئی اور پراجکٹ کی تکمیل کی صورت میں ادارہ میں موجود نادر و قیمتی مخطوطات کا تحفظ اور انہیں عوام تک پہنچانے کے مقصد میں کامیابی حاصل ہوگی۔

TOPPOPULARRECENT