Tuesday , October 17 2017
Home / شہر کی خبریں / دائرۃ المعارف کے عربی اسکالرس کی تنخواہوں میں اضافہ کا مشورہ

دائرۃ المعارف کے عربی اسکالرس کی تنخواہوں میں اضافہ کا مشورہ

ڈاکٹر نجمہ ہبت اللہ کے ساتھ سکریٹری اقلیتی امور ڈاکٹر مایارام کا دورہ
حیدرآباد۔ 21۔ ستمبر (سیاست نیوز) سکریٹری وزارت اقلیتی امور حکومت ہند ڈاکٹر مایا رام نے تلنگانہ حکومت کو تجویز پیش کی کہ وہ دائرۃ المعارف کے خدمات انجام دینے والے عربی اسکالرس کی تنخواہوں میں اضافہ پر توجہ دیں۔ مرکزی وزیر ڈاکٹر نجمہ ہبت اللہ کے ہمراہ دائرۃ المعارف کے معائنہ کے موقع پر ڈاکٹر مایا رام نے عربی اسکالرس کی معمولی تنخواہوں پر حیرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب دیگر غیر ملکی زبانوں کے اسکالرس کو تنخواہ کے طور پر 30 تا 40 ہزار روپئے ادا کئے جاتے ہیں تو عربی اسکالرس کے ساتھ جانبداری کیوں ؟ انہوںنے دائرۃ المعارف میں نادر مخطوطات کی تصحیح اور ایڈیٹنگ کا کام انجام دینے والے عربی اسکالرس کی معمولی تنخواہوں پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ دائرۃ المعارف جیسے ادارے میں کام کرنے والے عربی کے ماہرین کی تنخواہوں پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر مایارام نے کہا کہ ریاستی حکومت کو اس سلسلہ میں فوری اقدامات کرنے چاہئے تاکہ عربی اسکالرس سے مکمل انصاف ہوسکے۔ انہوں نے سکریٹری اقلیتی بہبود تلنگانہ سید عمر جلیل کو تجویز پیش کی کہ وہ اس سلسلہ میں مرکزی وزارت کو تجاویز روانہ کریں تاکہ مرکزی وزارت اقلیتی امور ممکنہ طور پر فنڈس جاری کرسکے۔

TOPPOPULARRECENT