Friday , September 22 2017
Home / شہر کی خبریں / داعش امریکہ و اسرائیل کی پیداوار ، اسلام سے کوئی تعلق نہیں

داعش امریکہ و اسرائیل کی پیداوار ، اسلام سے کوئی تعلق نہیں

طاقتور مسلم ممالک کو کمزور کرنا اصل مقصد ، تعمیر ملت کے سمپوزیم میں مقررین کا اظہار خیال
حیدرآباد ۔ 23 ۔ فروری : ( پریس نوٹ) : داعش کا دور دور تک اسلام سے تعلق نہیں اگر اس کے پس منظر میں جائیں تو معلوم ہوگا کہ یہ امریکہ اور اسرائیل کی پیدا کردہ جماعت ہے جو ایک طرف معصوم لوگوں کا قتل کررہی ہے تو دوسری جانب اسلام کو بدنام کررہی ہے ۔ ایسی جماعتیں پچھلے 14 سو سال سے اٹھتی رہی ہیں اور تباہ و برباد ہوتی رہی ہیں۔ یہ مسلمان نہیں ہوسکتے ۔ حضرت علی ؓ اور حضرت معاویہ ؓ کے دور میں جو جماعت حضرت علیؓ سے بغاوت کر کے نکلی تھی جس کو ہم خارجی کہتے ہیں داعش بھی ان ہی خوارج کے مماثل ہے جو تعلیمات اسلامی سے بڑھ کر دین اسلام کو رسوا کررہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار تعمیر ملت کی جانب سے منعقدہ سمپوزیم ’ داعش پس منظر و پیش منظر ‘ کے عنوان پر گلشن خلیل میں منعقد ہوا ۔ اس سمپوزیم کا آغاز قاری محمد سلیمان کی قرات کلام پاک سے ہوا ۔ جناب ضیا الدین نیر نائب صدر کل ہند مجلس تعمیر ملت نے اس سمپوزیم کی صدارت کی اور کہا کہ اسلام اور مسلمانوں کے خلاف یہاں ایک گہری سازش ہے ۔ پچھلے چند عرصہ سے مسلم ممالک جو طاقتور ہورہے تھے ان کو کمزور کرنے اور مسلمانوں کی طاقت کو تباہ و برباد کرنے کے لیے مغرب اور امریکہ کی اسرائیل کے ساتھ سازش ہے پہلے ایران اور عراق کو آپس میں دس سال لڑایا گیا ۔ جناب ضیا الدین نیر نے کہا کہ آج عملاً عراق کے تین ٹکڑے کردئیے گئے تمام مسلم ممالک میں ایک آگ لگی ہوئی ہے ۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اب سعودی عرب کی باری ہے ۔ جناب عمر احمد شفیق نائب معتمد عمومی نے کہا کہ خلافت عثمانیہ کے بعد مسلمانوں کا زوال شروع ہوا افغانستان پر جب سویت یونین نے قبضہ کیا تو اس کو نیچا دکھانے اور سویت یونین کو کمزور کرنے امریکہ اور یورپ نے افغانستان میں طالبان کو پیدا کیا اور اسامہ بن لادین کو اس کا سربراہ بنایا ۔ یہ طالبان کے ٹوٹنے کے بعد داعش وجود میں آئی اور اس کے سربراہان کی تربیت اسرائیل اور امریکہ میں ہوئی ۔ اس کے ذریعہ آج سارے عرب ممالک میں ایک کرب و بلا کی حالت پیدا کردی گئی اس کا فائدہ صرف اسرائیل کو ہورہا ہے ۔ جناب ایم اے ماجد نے کہا کہ داعش چیف ابوبکر بغدادی ایک بہروپیہ ہے داعش کے جتنے نیوز ویڈیوز آتے ہیں وہ تمام کے تمام اسرائیل سے آتے ہیں یہ ایک بڑا فتنہ ہے ۔ جس کو اسرائیل نے امریکہ کی مدد سے پیدا کیا ۔ جناب اقبال احمد انجینئر نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام کی تاریخ میں دہشت گردی کی کوئی مثال نہیں مسلمانوں نے ہر وقت ہمدردی اور رحم کی مثال قائم کی مسلمانوں نے جن جن ملکوں پر فتح حاصل کی وہاں انصاف کے ذریعہ حکومت کی ۔ فتح مکہ اس کی ایک مثال ہے امریکہ ایک سوپر پاور ہے مگر یہ لوگ تاریخ کو یاد نہیں رکھتے ۔ داعش کی جڑیں القاعدہ میں نظر آتی ہیں القاعدہ کو امریکہ نے پیدا کیا اور سعودی حکومت نے فنڈ مہیا کیا ۔ اس دہشت گردی کو امریکہ نے روس کے خلاف استعمال کیا داعش کی تحریک اسلامی تحریک نہیں ہے ۔ اقبال احمد انجینئر نے کہا کہ اسلام قوت برداشت سکھاتا ہے اسلام تو جانور پر بھی ظلم کرنا نہیں سکھاتا ، مسلمان کبھی کسی دہشت گردی کی تائید نہیں کرسکتے ۔ خاص کر جو اسلام کے نام پر کی جائے مگر حقیقت یہ ہے کہ یہ تمام دہشت گردی جو داعش کررہی ہے ۔ اس کے ذمہ دار امریکہ اور اسرائیل ہیں اور انہوں نے اسلام کے نام پر لاکھوں مسلمانوں کو شہید کیا یہ ظالم ہیں مسلمان نہیں ۔ جناب محمد دانش نے نعت شریف پیش کی ۔ جناب محمد علی سلیم کنوینر اجلاس نے کارروائی چلائی اور شکریہ ادا کیا ۔۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT