Tuesday , October 24 2017
Home / دنیا / داعش سربراہ ابوبکر بغدادی ہلاک!

داعش سربراہ ابوبکر بغدادی ہلاک!

شامی مبصر ادارہ کا دعویٰ، امریکی اتحاد کا توثیق سے گریز
بیروت 11 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) شامی رصدگاہ برائے انسانی حقوق نے آج کہاکہ اسلامک اسٹیٹ (داعش) کے اہم قائدین سے موصولہ اطلاعات سے یہ توثیق ہوتی ہے کہ اس جہادی تنظیم کا سربراہ ابوبکر البغدادی ہلاک ہوچکا ہے۔ تاہم عراق و شام میں داعش کے خلاف لڑائی میں مصروف امریکہ کے زیرقیادت اتحاد نے کہا ہے کہ وہ اس اطلاع کی ہنوز توثیق نہیں کرسکتا۔ شامی رصد گاہ کے سربراہ رامی عبدالرحمن نے اے ایف پی سے کہاکہ ’’آئی ایس کے سرکردہ کمانڈرس نے جو صوبہ دیرالزور میں موجود ہیں، نام نہاد اسلامک اسٹیٹ گروپ کے خود ساختہ امیر ابوبکر البغدادی کی ہلاکت کی توثیق کی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ’’ہمیں آج ہی یہ اطلاع موصول ہوئی لیکن یہ معلوم نہیں کہ وہ کب اور کیسے ہلاک ہوا‘‘۔ شام کا مشرقی صوبہ دیرالزور بدستور آئی ایس کے کنٹرول میں ہے حالانکہ یہ جہادی گروپ اس ملک اور پڑوسی عراق میں کئی علاقوں پر اپنے کنٹرول سے محروم ہوچکا ہے۔ رامی عبدالرحمن نے کہاکہ ’’داعش کا امیر حالیہ مہینوں کے دوران مشرقی دیرالزور میں تھا لیکن یہ واضح نہیں ہوسکا ہے کہ آیا وہ اس علاقے میں یا کسی دوسرے مقام پر ہلاک ہوا ہے‘‘۔ آئی ایس کی طرف سے استعمال کئے جانے والے سوشل میڈیا سائٹس پر کہیں بھی اس خبر کی توثیق یا تردید نہیں ہوسکی ہے۔ روس کا دعویٰ ہے کہ 28 مئی کو رقہ میں کئے گئے فضائی حملے میں وہ فوت ہوچکا ہے۔ 46 سالہ آئی ایس لیڈر 2014 ء کے دوران موصل کی مسجد النوری میں صرف ایک مرتبہ منظر عام پر آیا تھا۔ امریکہ نے اس کے سر پر 25 ملین ڈالر کا انعام رکھا تھا۔

 

TOPPOPULARRECENT