Saturday , August 19 2017
Home / جرائم و حادثات / داعش سے روابط ، دبئی سے ملک بدر خاتون شمس آباد ایرپورٹ پر گرفتار

داعش سے روابط ، دبئی سے ملک بدر خاتون شمس آباد ایرپورٹ پر گرفتار

حیدرآباد ۔ /11 ستمبر (سیاست نیوز) سوشیل میڈیا کے ذریعہ نوجوانوں کو مبینہ طور پر داعش میں بھرتی کیلئے ترغیب دینے والی خاتون کو شمس آباد پولیس نے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ پر آج گرفتار کرلیا ۔ 36 سالہ افشاں جبین عرف نیکی جوزف  کو اس وقت پولیس نے حراست میں لے لیا جب وہ دوبئی سے حیدرآباد پہونچی تھی ۔ ذرائع کے بموجب جاریہ سال /16 جنوری کو شمس آباد پولیس نے وجئے نگر کالونی کے 26 سالہ نوجوان سلمان محی الدین کو اس وقت گرفتار کرلیا تھا جب وہ مبینہ طور پر داعش میں بھرتی ہونے کیلئے دوبئی سے شام جانے کی کوشش کررہا تھا ۔ پولیس نے سلمان کی تفتیش کے دوران یہ پتہ لگایا کہ نیکی جوزف نامی خاتون جو خود کو برطانوی شہری ظاہر کرتے ہوئے سوشیل نیٹ ورکنگ ویب سائیٹس کے ذریعہ داعش میں بھرتی کیلئے ترغیب دیا کرتی تھی ۔ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ افشاں جبین جس کا تعلق حیدرآباد کے علاقے ٹولی چوکی سے بتایا جاتا ہے نے شہر کے مشہور کالج سے ڈگری کی تعلیم حاصل کی اور بعد ازاں دیویندر کمار عرف مصطفی سے شادی کے بعد وہ دوبئی منتقل ہوگئی ۔ پولیس نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ افشاں جبین نوجوانوں کی ذہن سازی کرتے ہوئے داعش میں بھرتی کیلئے مبینہ طور پر ترغیب دیا کرتی تھی اور جہاد کیلئے اکسایا کرتی تھی ۔ سلمان محی الدین کی گرفتاری کے بعد افشاں جبین عرف نیکی جوزف کے نام کا انکشاف ہونے کے بعد مرکزی انٹلیجنس ایجنسیاں چوکس ہوگئی تھی اور اس خاتون کو حیدرآباد منتقل کرنے کیلئے گزشتہ 9 ماہ سے کوششیں جاری تھیں ۔ سلمان محی الدین کو رنگاریڈی کی مقامی عدالت نے مشروط ضمانت پر رہائی کا حکم دیا تھا اور اسے اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس شمس آباد ڈیویژن کے دفتر میں ہر ہفتہ تین دن حاضری کی شرط عائد کی تھی ۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس شمس آباد زون مسٹر اے آر سرینواس نے بتایا کہ افشاں جبین کو گرفتاری کے بعد عدالتی تحویل میں دیدیا گیا ہے اور عنقریب اس خاتون کو پولیس تحویل میں لیکر مزید تفتیش کی گئی ۔

TOPPOPULARRECENT