Wednesday , August 23 2017
Home / عرب دنیا / داعش کا ’’وزیر دفاع‘‘ عراقی فضائیہ کے حملے میں ہلاک

داعش کا ’’وزیر دفاع‘‘ عراقی فضائیہ کے حملے میں ہلاک

بغداد۔ 6 جنوری (سیاست ڈاٹ کام)’’وار میڈیا سیل‘‘ کے اعلان کے مطابق عراق کے صوبہ الانبار کے علاقہ حدیثہ میں عراقی فضائیہ کی کارروائی میں ’’داعش کے جنگی وزیر‘‘ کے نام سے معروف کمانڈر اپنے تین دیگر ساتھیوں سمیت مارا گیا۔میڈیا سیل نے کہا کہ عراقی طیاروں نے داعشی وزیر کو حدیثہ کے علاقہ بروانہ میں نشانہ بنایا۔ الانبار صوبہ میں باوثوق ذرائع کی اطلاعات کے مطابق داعش کے وزیر دفاع کے طور پر معروف مقتول کا نام ثامر محمد مطلوب المحلاوی ہے۔ ذرائع نے کہا کہ “ابو معاذ” کی عرفیت رکھنے والا یہ کمانڈر حدیثہ شہر پر داعش تنظیم کے عسکری حملے کی سربراہی کر رہا تھا۔ اسے داعش کا ایک اہم ترین کمانڈر شمار کیا جاتا ہے جو الزرقاوی اور ابو عمر البغدادی کیساتھ مل کر کام کر چکا ہے۔ عراقی فوج نے گزشتہ روز دھاوا کرتے ہوئے بروانہ کا کنٹرول سنبھال لیا تھا۔ عراقی فوج کی اس پیش قدمی کو داعش کے خلاف ایک اہم کامیابی سمجھا جا رہا ہے۔

TOPPOPULARRECENT