Friday , September 22 2017
Home / دنیا / داعش کے خلاف ’’اواکس‘‘طیاروں کے استعمال پر غور: نیٹو

داعش کے خلاف ’’اواکس‘‘طیاروں کے استعمال پر غور: نیٹو

برسلز ۔ 23 جنوری ۔(سیاست ڈاٹ کام) برسلز میں شمالی اوقیانوسی معاہدے کی تنظیم کے ایک ذمہ دار کے مطابق نیٹو کو ’’داعش‘‘تنظیم کے خلاف ’’اواکس‘‘طیارے استعمال کرنے کیلئے ایک درخواست موصول ہوئی ہے، اور رکن ممالک کی جانب سے درخواست پر ’’بحث‘‘جاری ہے۔نیٹو کے ذمہ دار نے ایک فرانسیسی نیوز ایجنسی کو بتایا کہ ’’ہمیں موصول ہونے والی درخواست میں اواکس نوعیت کے جاسوس طیاروں کو بھیجے جانے کے ذریعے داعش تنظیم کے خلاف جاری کوششوں کیلئے شمالی اوقیانوسی اتحاد کی بھرپور تائید کا مطالبہ کیا گیا ہے اور اتحاد کے رکن ممالک اس پر غور کررہے ہیں‘‘۔سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ درخواست امریکہ کی جانب سے پیش کی گئی ہے۔دوسری جانب ایک امریکی سفارت کار نے اس امر کی تصدیق کی ہے کہ ’’وزیر دفاع ایشٹن کارٹر نے حالیہ دنوں میں بین الاقوامی اتحاد میں شامل تمام ارکان کو خطوط بھیجے ہیں۔ ان میں نیٹو کو (جس کے 28 ممالک بین الاقوامی اتحاد میں شریک ہیں) بھیجے گئے خط میں زور دیا گیا ہے کہ اضافی کوششوں کے سلسلے میں نیٹو کی جانب سے کام میں لائے جانے والے ممکنہ وسائل پر بحث کا آغاز کیا جائے‘‘۔واضح رہے کہ ابھی تک 60 سے زیادہ ملکوں پر مشتمل بین الاقوامی اتحاد کی کارروائیوں میں نیٹو کا کوئی براہ راست کردار نہیں ہے۔

TOPPOPULARRECENT