Friday , July 28 2017
Home / عرب دنیا / داعش کے قبضہ سے موصل کی آزادی پر سعودی کی عراق کو مبارکباد

داعش کے قبضہ سے موصل کی آزادی پر سعودی کی عراق کو مبارکباد

جدہ ۔ 14 ۔ جولائی : ( سیاست ڈاٹ کام) : سعودی عرب نے حکومت عراق کی جانب سے عراق کے شہر موصل کو داعش کے قبضہ سے آزاد کر کے دوبارہ حاصل کرنے کی ستائش کی اور یہ تیقن دیا کہ دہشت گردی کے خلاف سعودی عرب ہمیشہ عراق کی تائید کرتا رہے گا ۔ حالانکہ دونوں ممالک کے تعلقات کو ’ روایتی خوشگوار ‘ نہیں کہا جاسکتا ۔ سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے عراقی حکومت کو مبارکباد پیش کی اور اس کے لیے عوام کی طاقت کو قابل ستائش قرار دیا کیوں کہ فوج کے علاوہ عوام کا صبر و تحمل بھی کئی ماہ سے جاری اس لڑائی میں داعش کی شکست کی وجہ بنا اور بالاخر شہر کو آزادی حاصل ہوئی ۔ اسپا سرکاری خبر رساں ایجنسی کی جانب اس بیان کو پیش کیا گیا تھا جہاں سعودی عرب نے حکومت عراق کو نہ صرف مبارکباد پیش کی بلکہ یہ تیقن بھی دیا کہ دہشت گردی چاہے جس شکل میں بھی ہو اس کے خلاف لڑائی میں سعودی عرب عراق کے شانہ بشانہ موجود ہے ۔ دہشت گردوں کو مالیہ فراہم کرنے کی بھی مذمت کی گئی اور اس کی روک تھام کا تیقن دیا گیا ۔ یاد رہے کہ نو ماہ طویل جنگ کے بعد گذشتہ ہفتہ عراق نے موصل میں داعش پر اپنی فتح کا اعلان کیا تھا جہاں وزیراعظم حیدر العبادی نے ایک خصوصی خطاب بھی کیا تھا ۔ دونوں ممالک کے تعلقات کو خوشگوار نہیں کہا جاسکتا لیکن اس کے باوجود بھی دونوں ممالک اس کوشش میں ہیں کہ وہ ایک دوسرے کے دوست نہیں بن سکتے تو دشمن بھی نہ بنیں ۔ حیدرالعبادی شیعہ ہیں لیکن انہوں نے گذشتہ ماہ سنی ملک سعودی عرب کا دورہ کیا تھا جب کہ فروری میں سعودی کے وزیر خارجہ عادل الجبیر نے بھی عراق کا دورہ کیا تھا جو 2003 کے بعد اپنی نوعیت کا پہلا دورہ تھا ۔

TOPPOPULARRECENT