Sunday , October 22 2017
Home / شہر کی خبریں / داڑھی اور مونچھ بڑھالینے سے کانگریس اقتدار پر نہیں آسکتی

داڑھی اور مونچھ بڑھالینے سے کانگریس اقتدار پر نہیں آسکتی

عوام کے دکھ درد میں شامل ہونا ضروری ، اتم کمار ریڈی پر وینکٹ ریڈی کا سخت ریمارک

حیدرآباد /17 فروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) وزیر کے وینکٹ ریڈی نے ایک بار صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ صرف مونچھ اور داڑھی بڑھا لینے سے 2019 میں کانگریس پارٹی اقتدار میں نہیں آئے گی ۔ بلکہ عوامی مسائل کو جاننے اور سمجھنے کی کوشش کرنے کا مشورہ دیا ۔ غلط سروے رپورٹ پیش کرتے ہوئے ریاست کے عوام کو گمراہ کرنے کا الزام عائد کیا ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی نے ٹی آر ایس حکومت کی نصف معیاد ڈھائی سال مکمل ہونے پر ممبئی کی مشہور سروے کرنے والی ایجنسی کی خدمات سے استفادہ کرتے ہوئے عوامی نبض جاننے کیلئے سروے کرایا تھا جس میں ابھی انتخابات منعقد ہوتے ہیں تو کانگریس کو 119 اسمبلی حلقوں کے منجملہ 70 حلقوں پر آسانی سے کامیابی حاصل ہونے کا سروے میں انکشاف ہوا تھا ۔ جس کو تلنگانہ پردیش کانگریس عاملہ کے اجلاس میں پیش کرتے ہوئے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے پارٹی کیڈر میں نیا جوش و خروش بھرنے کی کوشش کی تھی ۔ لیکن آج کانگریس کے اختلافات پھر ایک بار منظر عام پر آگئے ہیں ۔ حکمران ٹی آرایس یا اپوزیشن جماعتیں تلگودیشم یا بی جے پی نے کانگریس کی جانب سے کرائے گئے سروے کو جھوٹا بے بنیاد قرار نہیں دیا بلکہ کانگریس کے سینئیر رکن اسمبلی سابق وزیر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے اس کو جھوٹا سروے قرار دیتے ہوئے کیپٹن اتم کمار ریڈی پر تلنگانہ کے عوام کو گمراہ کرنے کا الزام عائد کیا ہے ۔ نکریکل ضلع نلگنڈہ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہا کہ صرف داڑھی اور مونچھ بڑھانے سے ریاست میں کانگریس کی حکومت نہیں آئے گی بلکہ عوام کے درمیان میں پہونچکر ان کے دکھ درد میں شامل ہونے پر ہی عوام کا اعتماد حاصل ہونے کا دعوی کیا ہے ۔ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات تک وہ کانگریس لجسلیچر پارٹی کے قائد منتخب ہوجائیں گے ۔ 2019 میں کانگریس پارٹی کو 80 اسمبلی حلقوں پر کامیابی دلاتے ہوئے علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے والی صدر کانگریس سونیا گاندھی کو کامیابی تحفے میں پیش کریں گے ۔ انہوں نے عام انتخابات تک پارٹی صدارت پر فائز رہنے کا کیپٹن اتم کمار ریڈی کی جانب سے دئے گئے اشارے کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی میں عہدے مستقل نہیں رہتے ۔ شاید اس کا صدر پردیش کانگریس کمیٹی کو علم نہ ہونے کا ریمارکس کیا ۔ سروے میں کانگریس پارٹی اسمبلی حلقے نکریکل اور بھونگیر میں ہار جانے کا اشارہ دینے کی بھی مذمت کی اور کہا کہ 2019 کے عام انتخابات میں کانگریس پارٹی 80 سے زائد اسمبلی حلقوں پر کامیابی حاصل کرے گی ۔

TOPPOPULARRECENT