Saturday , August 19 2017
Home / کھیل کی خبریں / دبئی ریسلنگ مقابلے کے شرکاء کو احمد بن سالم کی تہنیت

دبئی ریسلنگ مقابلے کے شرکاء کو احمد بن سالم کی تہنیت

حیدرآباد ، 21 جولائی (راست) محافظ و جہدکار بحالی حقوق شہزادگان و شہزادیاں نظام حیدرآباد احمد بن سالم کی جانب سے استاد عبداللہ بن محمد بامعس کے فرزند ابوبکر بن عبداللہ بامعس پہلوان کو تہنیت پیش کی گئی۔ بنجارہ ہلز میں واقع قیام گاہ ِاحمد بن سالم پر منعقدہ تقریب میں دبئی کی حالیہ ہند۔پاک ریسلنگ چمپئن شپ کے شرکاء کے اعزاز میں تہنیت کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر سابق حکمران مرحوم شیخ زاید بن سلطان النہیان کی یاد میں منعقدہ ریسلنگ چمپئن شپ میں حیدرآباد سے بامعس اکھاڑہ کی نمائندگی اور بہتر مظاہرہ کی ستائش کی گئی۔ مقابلوں میں پاکستانی پہلوانوں سے لوہا لیتے ہوئے کامیابی حاصل کرنے والے ابوبکر بامعس پہلوان کو چمپئن شپ کا بہترین ریسلر کا اعزاز عطا کیا گیا۔ داعی تقریب نے استاد بامعس اکھاڑہ کی خدمات کی ستائش کی۔ انھوں نے ملکِ عزیز میں خاص طور پر متحدہ ریاست آندھرا پردیش اور تلنگانہ ریاست میں منعقدہ ریسلنگ چمپئن شپس کی یاد تازہ کی۔ اس موقع پر ابوبکر بامعس پہلوان، عمر بامعس پہلوان، اسامہ بامعس، روی کمار بلڈر، عابد بلڈر بھی موجود تھے۔ داعی محفل نے ابھرتے پہلوانوں کو حق و صداقت کے ساتھ اُسوہ حسنہ پر اپنی زندگیوں کو سنوارنے کی تلقین کی۔ اللہ تعالیٰ کی بخشی ہوئی طاقت کے بیجا استعمال سے احتراز کرتے ہوئے مظلوموں کی دادرسی اور پامال حقوق کی بحالی کیلئے سرگرمی کا مشورہ دیا۔

TOPPOPULARRECENT