Thursday , August 17 2017
Home / Top Stories / دبئی میں بزم اردو کا بین الاقوامی مشاعرہ

دبئی میں بزم اردو کا بین الاقوامی مشاعرہ

پدم شری مظفر علی اور نامور اداکار رضامراد مہمانان خصوصی ، شمس الرحمن فاروقی کو جوش ملیح آبادی ایوارڈ

دبئی ۔ 15 اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) بزم اردو تنظیم جو کہ دبئی میں واقع ہے۔ ایک غیر منافع بخش غیر مذہبی اور غیر سیا سی تنظیم ہے اپنا دوسرا سالانہ مشاعرہ 27 اگست 2015 کو عود میثا روڈ پر واقع ایرانی کلب میں منعقد کررہی ہے ۔ بزم اردو کا قیام اردو زبان کی ترقی و فلاح کیلئے کیا گیا ہے۔ اردو زبان دنیا کی چوتھی سب سے بڑی بولی جانے والی زبان ہے۔ خاص کر ہندوستان و پاکستان میں یہ روزمرہ استعمال ہونے والی زبان ہے۔ اس اجلاس کو دراصل جشن آزادی ہندوستان و پاکستان کے موقع پر منعقد کیا جارہا ہے۔ اس موقع پر دونوں ممالک سے مشہور شعرا کرام جن میں انور شعور، عباس تابش، احمد سلمان، سلمان گیلانی اور رخشندہ نوید پاکستان سے ، ہندوستان سے منظر بھوپالی، محشر آفریدی، اقبال اشعر، جوہر کانپوری، حسیب سوز، آغا سروش، اشوک ساحل، محمد اعجاز اور خوشبو رامپوری شرکت کریں گے۔ ڈاکٹر زبیر فاروق (یو۔اے۔ ای) سے شرکت کریں گے

اور ابرار کاشف نظامت کے فرائض انجام دینگے۔پدماشری مظفر علی جو کہ بالی ووڈ کے مشہور فلم ساز، فیشن ڈیزائنر، شاعر اداکار، موسیقی نواز، تحقیق کار اور سماجی کارکن ہیں  اس اجلاس کے مہمان خصوصی ہیں۔ یہ وہی مشہور فلم ساز ہدایت کار ہیں جنھوں نے 1981 میں فلم ’امرائو جان‘ بنائی تھی۔ یہ فلم ہندوستانی کلاسکی فلم سازی میں کلیدی اہمیت رکھتی ہے ۔ حال ہی میں مظفر علی نے اپنی نئی فلم ’’جاں نثار ‘‘بنائی ہے جو کہ مختلف حلقوں سے سراہی جارہی ہے اور نئے ریکارڈ قائم کر رہی ہے۔ مظفر علی کو فلم فیئر ایوارڈ، بہترین ہدایتکار قومی ایوارڈ وغیرہ سے نوازا گیا ہے۔ اس سب کے باوجود اردو زبان کی طرف توجہ ،اس سے گہرا لگائو اردو سے انکی وابستگی کو ظاہر کرتا ہے۔ بالی ووڈ کی اس عظیم ہستی کی موجودگی اس بزم میں اردو کی مقبولیت کو نمایاں طور پر عیاں کرتی ہے۔اس موقع پر بالی ووڈ کی ایک مشہور ہستی، جنکی آواز انھیں دوسروں سے انفرادیت عطا کرتی ہے وہ مشہور اداکار رضا مراد ہیں۔ رضا مراد صاحب نے تقریبا 200 سے زائد فلموں میں مختلف رول ادا کئے ہیں۔ یہ ایسے اداکار ہیں جنھوں نے اپنے بے مثال نقوش فلموں میں یاد گار چھوڑے ہیں۔ یہ ایک ہرفن مولا اداکار ہیں انکی اداکاری فطری ہے۔

رضا مراد صاحب کی مادری زبان اردو ہے۔ اردو کی شیرینی اور بڑھ جاتی ہے جب الفاظ رضامراد صاحب کی زبان سے ادا ہوتے ہیں۔ بزم اردو کے اس اجلاس میں جوش اردو ایوارڈ  جناب شمس الر حمن فاروقی کو دیاجائے گاجو کہ مشہور تنقید نگار ہیں۔ جناب فاروقی صاحب ایک سبکدوش سرکاری ملازم ہیں جنھوں نے اپنی ساری زندگی اردو زبان کی خدمت میں گزاردی۔ جن کو پہلے ہی ہندوستان کا سب سے بڑا تعلیمی ایوارڈ سرسوتی ایوارڈ سے نوازا گیا۔ جوش اردو ایوارڈ بزم اردو کی جانب سے جوش ملیح آبادی کی یاد میں دیا جاتا ہے جو کہ گزشتہ صدی کے مشہور شاعر گزرے ہیں۔ جوش ملیح آبادی ان مشہور ہستیوں میں سے ہیں جن کو ہندوستان میں پدماشری ایوارڈ بلکہ پاکستان میں نشان پاکستان ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ اردو میں جوش ملیح آبادی کی خدمات بے مثال ہیں۔بزم اردو ایک ایسی تنظیم ہے جس میں ایسے رکن ہیں جو نہ صرف دبئی میں بلکہ قومی و بین الاقوامی حلقوں میں خدمات انجام دیتے ہیں۔ اردو سے انکی محبت ہی ہے جو یہ تمام ساتھ ہیں۔ یہ کئی تعلیمی اجلاس اردو اور اسکے بولنے والوں کیلئے منعقد کرتے ہیں۔ ان کا گذشتہ مشاعرہ 22 اگست 2014 ء کو کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا تھا۔ جس میں مشہور ہدایتکار، پروڈیوسر مہیش بھٹ صاحب، جاوید جعفری کے ساتھ کئی شعرا جیسے پدماشری گلزار دہلوی، پدماشری ندا فاضلی وغیرہ نے شرکت کی تھی۔ بزم اردو کا یقین ہے کہ اس سال گزشتہ سال سے بھی زیادہ کامیا بی کے ساتھ یہ مشاعرہ منعقد ہوگا۔

TOPPOPULARRECENT