Tuesday , August 22 2017
Home / Top Stories / درگاہ جہانگیر پیراںؒ کی ہنڈی میںلاکھوں روپئے کے چیکس

درگاہ جہانگیر پیراںؒ کی ہنڈی میںلاکھوں روپئے کے چیکس

کیاش کرانے کی مدت ختم، وقف بورڈ اُلجھن میں
حیدرآباد۔/15ڈسمبر، ( سیاست نیوز) ملک میں نوٹ بندی کے بعد سے مذہبی مقامات پر بھاری رقومات کو بطور نذرانہ پیش کرنے کی اطلاعات مل رہی ہیں۔ ایسے میں درگاہ حضرت جہانگیر پیراںؒ کی ہنڈی میں ایک ہی شخص نے 2 علحدہ چیکس کے ذریعہ علی الترتیب 95 لاکھ اور 20 لاکھ روپئے کا نذرانہ پیش کیا۔ تاہم یہ چیک نوٹ بندی سے قبل کے ہیں اور وقف بورڈ کی جانب سے انہیں نکالنے تک چیکس کو کیاش کرانے کی مدت تین ماہ ختم ہوگئی۔ وقف بورڈ کے حکام نے جب چیک پر درج فون نمبر پر ربط قائم کیا تو اس نے وضاحت کردی کہ چیک جس وقت ہنڈی میں ڈالا گیا تھا اس کے اکاؤنٹ میں رقم موجود تھی لیکن اب وہ رقم ادائیگی کے موقف میں نہیں ہے۔ وقف بورڈ کے حکام نے جب درگاہ حضرت جہانگیر پیراںؒ کی ہنڈی کو حاصل کیا تو اس میں جملہ 7 چیکس پائے گئے۔ آئی ڈی بی آئی شاد نگر برانچ کے یہ چیکس تھے اور ان میں سے دو چیکس پر 16 اگسٹ 2016 کی تاریخ درج تھی اور علی الترتیب 95 لاکھ اور 20 لاکھ کی رقم درج تھی۔ ایک چیک بلینک تھا جس پر صرف اکاؤنٹ ہولڈر کی دستخط اور نام تحریر تھا جبکہ 4 چیکس ایسے تھے جن پر کچھ بھی درج نہیں تھا۔ لاکھوں روپئے کے چیکس کی پُشت پر جی جنگیا نام اور فون نمبر درج تھا۔ وقف بورڈ کے مقامی ذمہ داروں نے جب اس نمبر پر ربط قائم کیا تو مذکورہ شخص نے چیک کے ذریعہ نذرانہ پیش کرنے کا اعتراف کیا تاہم اس نے کہا کہ اب اس کے اکاؤنٹ میں رقم موجود نہیں ہے لہذا اسے بینک میں جمع کرنے سے گریز کیا جائے۔ کسی بھی چیک کو کیاش کرانے کی مہلت تین ماہ ہوتی ہے اس اعتبار سے لاکھوں روپئے کے ان چیکس کی مہلت نومبر میں ختم ہوگئی۔ وقف بورڈ کے عہدیدار اب اُلجھن کا شکار ہیں کہ وہ ان چیکس کا آخر کیا کریں۔ جب متعلقہ اکاؤنٹ ہولڈر نے ہی اکاؤنٹ میں رقم کی موجودگی سے انکار کیا ہے تو پھر انہیں بینک میں جمع کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ بتایا جاتا ہے کہ کسی نذر کی تکمیل کیلئے اکاؤنٹ ہولڈر نے یہ چیکس جمع کرائے تھے۔ لیکن اس بات کی کوئی گیارنٹی نہیں ہے کہ جس وقت یہ چیک جمع کئے گئے تھے اس وقت اس کے اکاؤنٹ میں ایک کروڑ 15 لاکھ روپئے موجود تھے۔ ہوسکتا ہے کہ مذکورہ شخص  نے رقم کے بغیر ہی یہ چیکس ہنڈی میں جمع کردیئے۔

TOPPOPULARRECENT