Saturday , August 19 2017
Home / جرائم و حادثات / درگاہ حضرت جہانگیر پیراں ؒ کے مسائل کا جائزہ

درگاہ حضرت جہانگیر پیراں ؒ کے مسائل کا جائزہ

جامع منصوبہ پیش کرنے عہدیداروں کو چیف منسٹر کی ہدایت
حیدرآباد۔ 13۔ اپریل ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے درگاہ حضرت جہانگیر پیراںؒ کی ترقی کیلئے جامع منصوبہ پیش کرنے عہدیداروں کو ہدایت دی۔ چیف منسٹر نے آج کیمپ آفس میں درگاہ حضرت جہانگیر پیراں کی ترقی اور وہاں زائرین کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے مسئلہ پر جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ چیف منسٹر گزشتہ عرس کے موقع پر شرکت کے خواہاں تھے لیکن وہ شریک نہ ہوسکے۔ محبوب نگر کے ارکان اسمبلی نے درگاہ کی ترقی کیلئے خصوصی فنڈس کی اجرائی کی نمائندگی کی۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر درگاہ حضرت جہانگیر پیراںؒ کے معتقد ہیں۔ جائزہ اجلاس میں ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی ، وزیر انڈومنٹ اندرا کرن ریڈی ، ڈائرکٹر جنرل اینٹی کرپشن بیورو عبدالقیوم خاں  ، سکریٹری اقلیتی بہبود عمر جلیل ، چیف اگزیکیٹیو آفیسر وقف بورڈ محمد اسد اللہ اور محبوب نگر کے ارکان اسمبلی موجود تھے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ درگاہ شریف کی ترقی کے ساتھ ساتھ بنیادی سہولتیں بھی فراہم کی جائیں۔ تلنگانہ تحریک کے دوران چیف منسٹر نے کئی مرتبہ اس درگاہ کی زیارت کی تھی۔ کے سی آر نے کہا کہ اس درگاہ میں صرف مسلمان ہی نہیں بلکہ ہزاروں غیر مسلم بھی عقیدت و احترام کے ساتھ حاضری دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس قدر قدیم درگاہ کیلئے حکومت کی جانب سے کوئی مدد فراہم نہ کرنا افسوسناک ہے۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ درگاہ شریف کا دورہ کرتے ہوئے سہولتوں کا جائزہ لیں اور حکومت کو رپورٹ پیش کریں۔ حکومت ترقیاتی کاموں کے لئے درکار فنڈ جاری کرے گی۔

TOPPOPULARRECENT