Friday , August 18 2017
Home / شہر کی خبریں / درگاہ حضرت خطہ صالحین کو وقف بورڈ نے راست نگرانی میں لے لیا

درگاہ حضرت خطہ صالحین کو وقف بورڈ نے راست نگرانی میں لے لیا

حیدرآباد۔/19ڈسمبر، ( سیاست نیوز)  وقف بورڈ نے نامپلی میں واقع درگاہ حضرت خطہ صالحین کو راست نگرانی میں لے لیا ہے۔ اس سلسلہ میں آج ریونیو اور پولیس عہدیداروں کی موجودگی میں وقف بورڈ کے عہدیداروں نے اس اوقافی جائیداد کو اپنی تحویل میں لے لیا اور باقاعدہ ایک نگرانکار مقرر کردیا ہے۔ اس اوقافی جائیداد کے بارے میں طویل عرصہ سے عدالتوں میں مقدمات زیر دوران تھے۔ چیف ایکزیکیٹو آفیسر وقف بورڈ محمد اسد اللہ نے بتایا کہ عدالتوں میں وقف بورڈ کو کامیابی حاصل ہوئی ۔ اس احاطہ میں موجود درگاہوں کی عرس تقاریب کیلئے وقف بورڈ سے اجازت حاصل کرنی پڑے گی۔ وقف بورڈ کے عہدیداروں نے آج تمام اہم حصوں کو مہر بند کردیا اور درگاہ کے غلہ کا کنٹرول بھی حاصل کرلیا ہے۔ چیف ایکزیکیٹو آفیسر نے بتایا کہ ایچ ای ایچ دی نظام اوقاف کمیٹی نے وقف بورڈ کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے واضح کردیا کہ نظام حیدرآباد نے یہ جائیداد وقف بورڈ کے حوالے کی ہے۔ چیف ایکزیکیٹو آفیسر کے مطابق ملک پیٹ میں واقع محبوب منشن میں اوقافی جائیداد کا فیصلہ بھی وقف بورڈ کے حق میں آیا ہے جس کے تحت مسجد اور عاشور خانہ موجود ہے۔ بہت جلد یہ جائیداد بھی وقف بورڈ راست نگرانی میں حاصل کرلے گا۔

TOPPOPULARRECENT