Friday , October 20 2017
Home / شہر کی خبریں / درگاہ حضرت درویش محی الدین قادری ؒ کیلئے انتظامی کمیٹی تشکیل

درگاہ حضرت درویش محی الدین قادری ؒ کیلئے انتظامی کمیٹی تشکیل

سید محمد صدر کمیٹی، سی ای او وقف بورڈ محمد اسداللہ کی منظوری
حیدرآباد۔/8اکٹوبر، ( سیاست نیوز) وقف بورڈ نے درگاہ حضرت درویش محی الدین قادری ؒ واقع کاروان کیلئے انتظامی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ چیف ایکزیکیٹو آفیسر محمد اسد اللہ نے عہدیدار مجاز وقف بورڈ سید عمر جلیل کی منظوری سے 11رکنی انتظامی کمیٹی کا اعلان کیا جس کی مدت دو سال رہے گی۔ سید محمد کو کمیٹی کا صدر مقرر کیا گیا ہے جبکہ میر مجتبیٰ علی، محمد مظہر نائب صدور، آصف محی الدین جنرل سکریٹری، شیخ نصیر، رفعت اللہ جوائنٹ سکریٹریز، محمد محمود محی الدین خازن مقرر کئے گئے۔ اس کے علاوہ ارکان میں لیاقت علی، سید یونس، افضل الدین فاروقی اور عبدالغنی شامل ہیں۔ وقف بورڈ نے درگاہ، قبرستان اور اس سے متصل اوقافی اراضیات کے انتظام کی ذمہ داری اس کمیٹی کو سپرد کی ہے۔ انسپکٹر آڈیٹر وقف نے کمیٹی کے قیام کی سفارش کی تھی جسے عہدیدار مجاز نے منظور کرلیا۔ واضح رہے کہ وقف اراضی کی فروخت اور دیگر بے قاعدگیوں کے الزامات کے تحت وقف بورڈ نے متولی فضل اللہ شاہ قادری کو معطل کردیا ہے۔ نئی انتظامی کمیٹی کو ذمہ داری دی گئی ہے کہ وہ اوقافی جائیداد کے تحفظ کے اقدامات کرے۔ کمیٹی کسی قومیائے ہوئے بینک میں وقف ادارہ کے نام پر اکاؤنٹ کھولے گی اور یہ صدر اور خازن مشترکہ طور پر چلائیں گے۔ کمیٹی کو اکاؤنٹس بہتر طور پر رکھنے ہوں گے جو انسپکٹر آڈیٹر کے منظور شدہ ہوں۔ اکاؤنٹس کی تفصیلات وقف بورڈ کو روانہ کی جائیں۔ کمیٹی بورڈ کو 7 فیصد وقف فنڈ جمع کرے گی۔ وقف بورڈ نے کمیٹی کی تشکیل کے ساتھ اوقافی جائیداد کے تحفظ کے سلسلہ میں کئی شرائط عائد کی ہیں اور وقف بورڈ کو مذکورہ کمیٹی میں تبدیلی یا تنسیخ کا مکمل اختیار حاصل رہے گا۔

TOPPOPULARRECENT