Friday , August 18 2017
Home / شہر کی خبریں / دریائے کرشنا میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ

دریائے کرشنا میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ

جورالا پراجکٹ لبریز، پانی کی اجرائی، ناگرجنا ساگر کی سطح میں اضافہ متوقع
حیدرآباد 13 ستمبر (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ کی پڑوسی ریاست کرناٹک میں بھی جاریہ مانسون کے دوران گزشتہ چند دنوں سے جاری زبردست بارش کی وجہ سے دریائے کرشنا میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوا ہے اور اس تیز پانی کے بہاؤ کے باعث ضلع محبوب نگر میں واقع جورالا پراجکٹ کی سطح آب میں اضافہ ہوا ہے جورالا پراجکٹ کی موجودہ سطح آب 317.09 میٹر پائی جاتی ہے جبکہ جورالا پراجکٹ کی مکمل سطح آب 318.51 میٹر ہے۔ باوثوق ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہاکہ جورالا پراجکٹ میں فی الوقت ان فلو (پانی کی آمد) (31.650) کیوزکس ہے اور جورالا پراجکٹ سے فی الوقت آؤٹ فلو (پانی چھوڑا جارہا ہے) (32,900) کیوزکس بتایا جاتا ہے۔ جورالا پراجکٹ کی سطح آب میں اضافہ کو پیش نظر رکھتے ہوئے جورالا پراجکٹ کے بائیں بازو کنال میں 900 کیوزکس پانی چھوڑا جارہا ہے جبکہ دائیں بازو کنال میں 500 کیوزکس پانی چھوڑا جارہا ہے۔ علاوہ ازیں جورالا پراجکٹ کے پانچ ٹربائینس کے ذریعہ 194 میگاواٹ برقی کی پیداوار کی جارہی ہے۔ اسی ذرائع کے مطابق دریائے کرشنا میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ کی وجہ سے ناگر جنا ساگر پراجکٹ کی سطح آب میں بھی کسی قدر اضافہ کی اطلاع ہے۔ مہاراشٹرا میں بھی بارش کے باعث دریائے گوداوری کے بہاؤ میں اضافہ ہونے کی اطلاعات ہیں۔ جس کے باعث ریاست تلنگانہ کو سری رام ساگر پراجکٹ کی سطح آب میں اضافہ کی قوی توقع ہے۔

TOPPOPULARRECENT