Tuesday , September 26 2017
Home / شہر کی خبریں / دریائے گوداوری کی سطح آب خطرہ کے نشان سے اوپر

دریائے گوداوری کی سطح آب خطرہ کے نشان سے اوپر

متعدد اضلاع میں عام زندگی متاثر‘آندھرا اور تلنگانہ میں مزید بارش کا امکان
حیدرآباد۔11جولائی ( سیاست نیوز) تلنگانہ کے ضلع کھمم اور اس کے آب گیر رقبہ میں موسلادھار بارش کے بعد مندروں کے شہر بھدراچلم کے قریب دریائے گوداوری کی سطح آب 43فٹ پر خطرہ کے پہلے نشان کو عبور کرچکی ہے ۔ اس دریا کی سطح آب کے مطابق رواں بارش کے سبب اس دریا کی سطح آب میں مزید اضافہ ہوگا ۔ بھدرا چلم کے قریب گذشتہ روز دریائے گوداوری کی سطح آب 20فٹپر تھی ۔ تلنگانہ کے اضلاع نلگنڈہ ‘ میدک ‘ محبوب نگر‘ کریم نگر اور بالخصوص نظام آباد اور عادل آباد میں گذشتہ چار دن سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجہ میں کئی مقامات پر عام زندگی کسی حد تک مفلوج رہی ۔ بھینسہ کے گڈاناواگو پراجکٹ میں پانی کی سطح میں زبردست اضافہ کے پیش نظر پانچ دروازے کھول دیئے گئے ۔ دیگر ذخائر آب میں بھی بھاری اضافہ ہوا ہے ۔ دونوں تلگو ریاستوں آندھراپردیش اور تلنگانہ کے کئی علاقوں میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران موسلادھار بارش ریکارڈ کی گئی ۔ جنوب مغربی مانسون کے سرگرم ہوجانے کے سبب آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران آندھراپردیش میں مزید بارش کا امکان ہے ۔ تلنگانہ میں آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران اوسط تا موسلادھار بارش ہوسکتی ہے ۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں بھی گذشتہ دو دن سے وقفہ وقفہ سے بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔ تلنگانہ کے بعض علاقوں میں طوفانی بارش کے سبب ٹریفک کی آمد و رفت متاثر ہوئی ہے ۔

TOPPOPULARRECENT