Thursday , September 21 2017
Home / Top Stories / دستوری اقدار کے تحفظ کیلئے ملک گیر مہم ،کل ہند مسلم پرسنل لا بورڈ کا اعلان

دستوری اقدار کے تحفظ کیلئے ملک گیر مہم ،کل ہند مسلم پرسنل لا بورڈ کا اعلان

ممبئی ۔ /5 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) کل ہند مسلم پرسنل لا بورڈ نے اعلان کیا کہ وہ دیگر تنظیموں کے ساتھ دستور کی بنیادی اقدار جیسے سیکولرازم ، انصاف ، آزادی ، مساوات اور اخوت کو محفوظ رکھنے کیلئے ملک گیر مہم چلائے گی ۔ مولانا ولی رحمانی جنرل سکریٹری بورڈ نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارا اقل ترین مشترکہ پروگرام ہے جس کے ذریعہ ہم ملک اور دستور دونوں کا تحفظ کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس کی ضرورت عدم رواداری کے موجودہ ماحول کے پیش نظر محسوس کی گئی ۔ کیونکہ اقلیتیں ، دلت اور مجبور طبقات مظالم سہہ رہے ہیں اور ان کے لئے کوئی آواز اٹھائے تو اسے کچل دیا جاتا ہے ۔مولانا ولی رحمانی نے کہا کہ مذہبی اقلیتیں اور محروم طبقات کے افراد کو یہ احساس دلایا جارہا ہے کہ وہ دوسرے درجہ کے شہری ہیں ۔ ان کی عبادت گاہوں، ان کے لوگوں اور ان کی جائیدادوں پر مذہب اور ذات پات کی شناخت کی بنا پر حملے کئے جارہے ہیں ۔ وہ ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ بے رحمی اور بربریت کے ساتھ اقلیت پسندوں کو ہلاک کیا جارہا ہے ۔ دادری جیسے سانحہ اور مسلمانوں اور عیسائیوں کو ایک مخصوص مذہب قبول کرنے کیلئے مجبور کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کارروائیوں سے آزادی کی جو ضمانت ہمارے دستور نے دی تھی وہ خطرے میں پڑگئی ہے ۔ ان کے ساتھ مولانا سجاد نعمانی ، وامن مشرام اور ڈالفٹی ڈیسوزا بھی شامل تھے ۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT