Saturday , September 23 2017
Home / شہر کی خبریں / دسمبر کے اختتام سے قبل سڑکوں کی تعمیر و مرمت مکمل

دسمبر کے اختتام سے قبل سڑکوں کی تعمیر و مرمت مکمل

کمشنر و اسپیشل آفیسر جی ایچ ایم سی کی زونل کمشنرس کو ہدایت
حیدرآباد۔ 18 نومبر (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں سڑکوں کی خستہ حالی کو دور کرنے کیلئے منظورہ کاموں کو ماہ ڈسمبر کے اختتام سے قبل مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ کمشنر جی ایچ ایم سی مسٹر بی جناردھن ریڈی نے تمام زونل کمشنرس کو اس بات کی ہدایت دی ہے کہ وہ سڑکوں کی مرمت و تعمیری کاموں کو عاجلانہ طور پر مکمل کرنے کے اقدامات کریں، خواہ اس کے لئے اضافی عملہ کیوں نہ تعینات کرنا پڑے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے سڑکوں کی مرمت و تعمیر کے کاموں کو ترجیحی بنیاد پر مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور 1000 کیلومیٹر تک سڑکوں کو ماہ ڈسمبر کے اختتام سے قبل مکمل کرنے کا نشانہ عہدیداروں کو دیا گیا ہے۔ کمشنر جی ایچ ایم سی نے عہدیداروں سے خواہش کی ہے کہ وہ جنگی خطوط پر سڑکوں کی مرمتی و تعمیری کام مکمل کرنے پر توجہ مرکوز کریں تاکہ عوامی شکایات کا خاتمہ ممکن ہوسکے۔ جنوری 2016ء کے اختتام سے قبل مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے انتخابات منعقد کرنے کی ہدایت جاری کئے جانے کے بعد سے بلدیہ کی جانب سے ترقیاتی و تعمیری کاموں میں شدت پیدا کردی گئی ہے تاکہ انتخابی عمل کے آغاز سے قبل تمام ترقیاتی کاموں کا کم از کم افتتاح کیا جاسکے۔ حالیہ عرصہ میں کروڑہا روپئے کے کاموں کے آغاز کی تقاریب پر عوام نے شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اب جبکہ بلدی انتخابات قریب آچکے ہیں تو ایسے میں سیاسی قائدین و جماعتیں ترقیاتی و تعمیری کاموں کی افتتاحی تقاریب منعقد کررہے ہیں اور عوام کے درمیان پہنچ کر شکایات کی سنوائی کی جارہی ہے۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں گزشتہ کئی ماہ سے سڑکوں کی خستہ حالی کی متعدد شکایات موصول ہوئی تھیں لیکن اس کے باوجود ان شکایات پر کارروائی نہیں کی جارہی تھی اب جبکہ بلدی انتخابات قریب ہیں تو ایسی صورت میں ترقیاتی و تعمیری کاموں کا آغاز کیا جارہا ہے۔ عوام اب تک اس طرح کی سیاسی چال بازیوں کو سمجھنے سے قاصر تھے لیکن اب جس طرح سیاسی قائدین کی سرگرمیاں دیکھی جارہی ہیں اور عوام کی جانب سے انہیں خاطر خواہ اہمیت نہ دیئے جانے سے وہ بھی یہ محسوس کرنے لگے ہیں کہ عوام کو اس بات کا شدت سے احساس ہورہا ہے کہ انتخابات کے قریب بھی مسائل کی یکسوئی کیلئے سرگرمی دکھائی جاتی ہے۔ بلدی عہدیداروں کی جانب سے کی جانے والی کارروائیوں اور ترقیاتی و تعمیری کاموں کے آغاز کے متعلق یہ بات عیاں ہے کہ ریاست میں برسراقتدار حکومت کی جانب سے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد میں اپنی پارٹی کو کامیاب بنانے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT