Saturday , October 21 2017
Home / Top Stories / دسہرہ تہوار کا ملک بھر میں جوش و خروش کے ساتھ انعقاد

دسہرہ تہوار کا ملک بھر میں جوش و خروش کے ساتھ انعقاد

دہلی اور لکھنؤ میں تقاریب ، پرنب مکرجی، حامد انصاری اور نریندر مودی کی شرکت ، اندور میں راون کی پوجا

نئی دہلی۔ 11 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) بدی پر نیکی کی فتح کا تہوار دسہرہ آج سارے ملک میں پورے جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر راکششوں کے راجہ راون، اس کے بیٹے میگھناتھ اور بھائی کمبھ کرن کے پتلے نذرآتش کئے گئے۔ علاوہ ازیں بعض مقامات پر دہشت گردی اور دہشت گردوں کے علامتی پتلے بھی نذرآتش کئے گئے۔ سکیورٹی اہلکاروں نے اس تہوار کے موقع پر سخت نظر رکھی تھی جس کے نتیجہ میں یہ تہوار پرامن طور پر گذر گیا۔ عوام کی کثیر تعداد نے روایتی انداز میں بہ کثرت آتش بازی کی اور بعض پتلوں میں پٹاخے رکھے گئے تھے جن کے پھٹتے ہی پتلوں کے پرخچے اُڑ گئے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے لکھنؤ میں دسہرہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو بھی یہ نہیں سمجھنا چاہئے کہ وہ دہشت گردی سے محفوظ ہے کیونکہ دہشت گردوں کے کوئی حدود یا اخلاق نہیں ہوتے۔ صدرجمہوریہ پرنب مکرجی، نائب صدرجمہوریہ حامد انصاری، سابق وزیراعظم منموہن سنگھ، کانگریس کی صدر سونیا گاندھی اور دیگر قائدین نے دہلی کے رام لیلا میدان پر منعقدہ دسہرہ تقریب میں شرکت کی۔ پنجاب کے کئی مقامات بالخصوص امرتسر اور لدھیانہ میں دہشت گردی، پاکستان اور حافظ سعید کے علامتی پتلے نذرآتش کئے گئے، تاہم اندور میں اس کے برعکس عوام کی ایک کثیر تعداد نے راون کی پوجا کی اور آج کے دن کو راون موکشا دیوس کے طور پر منایا۔ اندور میں راون کے بھکتوں کی ایک تنظیم جئے کنکیش مترا منڈل کے صدر مہیش گوھر نے کہا کہ ’’راون ایک عظیم دانشور اور لارڈ شیوا کے بھکت تھے چنانچہ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ دسہرہ کے موقع پر راون کے پتلے جلانے کا سلسلہ بند کردیں‘‘۔ کرناٹک، جموں و کشمیر، گجرات، راجستھان اور دیگر ریاستوں میں پورے جوش و خروش کے ساتھ دسہرہ تہوار منایا گیا۔ کولکتہ میں کالی دیوی کی مورتیوں کے نمرجن کے ساتھ اس تہوار کا اختتام عمل میں آیا۔

پنجاب میں جھڑپ : اکالی دل اور کانگریس کے 35 کارکن زخمی
لدھیانہ۔/11اکٹوبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) راون کا پتلہ سفید رنگ میں تیار کرنے کے تنازعہ پر تصادم میں اکالی دل اور کانگریس کے 35کارکنان زخمی ہوگئے۔ چندی گڑھ روڈ پر وردھمان چوک کے قریب ایک میدان میں کل شب سفید رنگ کے راون کا پتلہ جلانے کے مسئلہ پر تنازعہ پیدا ہوگیا اور تکرار کے بعد شرومنی اکالی دل اور کانگریس کارکنوں میں جھڑپ ہوگئی۔ کانگریس ریاست میں ہیروئن ( منشیات ) کی فروخت کیخلاف بطور احتجاج سفید رنگ کا پتلہ نذرِ آتش کرنا چاہتی تھی جس کیساتھ چیف منسٹر اور ان کے نائب سکھبیر سنگھ بادل کی تصاویر تھیں۔

TOPPOPULARRECENT