Thursday , August 17 2017
Home / شہر کی خبریں / دسہرہ کے موقع پر ڈبل بیڈروم کالونی کا افتتاح

دسہرہ کے موقع پر ڈبل بیڈروم کالونی کا افتتاح

مکانات کی تعمیر پر جائزہ اجلاس، وزیر کمرشیل ٹیکس و سینماٹوگرافی ٹی سرینواس یادو کا خطاب
حیدرآباد ۔ 19 ستمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ حکومت تلنگانہ کی جانب سے تیار کردہ ڈبل بیڈ روم آئی ڈی ایچ کالونی کا دسہرہ تہوارکے دن افتتاح انجام دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار وزیر کمرشیل ٹیکس تلنگانہ مسٹر تلسانی سرینواس یادو نے کمشنر جی ایچ ایم سی مسٹر سومیش کمار اور ان کے ماتحت متعلقہ عہدیداروں کے ساتھ بھوئی گوڑہ آئی ڈی ایچ کالونی کا دورہ کرنے کے بعد ڈبل بیڈروم مکانات کی تعمیر سے متعلق منعقدہ ایک جائزہ اجلاس سے مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے بتایا کہ چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ دسہرہ تہوار کے دن بھوئی گوڑہ آئی ڈی ایچ ماڈل کالونی کا افتتاح کرنے کے بعد اسی دن مستحق افراد میں مکانات کے اونر شپ سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت تلنگانہ بھوئی گوڑہ ماڈل کالونی کی طرز پر ڈبل بیڈروم ہال مکانات کی تعمیر اسکیم کو ریاست بھر کے مختلف مواضعات اور شہروں تک وسعت دینے کا منصوبہ رکھتی ہے اور مذکورہ زیرتعمیر کالونی میں کشادہ سڑکیں، پانی کی مؤثر سربراہی، شجرکاری کے علاوہ دیگر اہم بنیادی سہولتوں کی فراہمی اندرون 10 اکٹوبر کسی بھی طرح تکمیل کرلی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ زیرتعمیر جملہ 33 بلاکس کے منجملہ 396 ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیر پر جملہ 36 کروڑ 54 لاکھ روپئے کی لاگت کا صرف ہوگا جن کے منجملہ فی یونٹ پر 7 لاکھ 90 ہزار روپئے کی لاگت آئے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ اس قسم کی ماڈل کالونی ملک کے کسی بھی شہر میں کسی بھی حکومت نے تعمیر کرکے نہیں دی جبکہ حکومت تلنگانہ نے اس کا بیڑہ اٹھایا ہے۔ انہوں نے محکمہ ریونیو اور جی ایچ ایم سی عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ عدالت میں زیردوراں مقدمہ کے نتیجہ میں 12 مکانات پر مشتمل ایک بلاک کے تعمیراتی کاموں میں پیدا شدہ رکاوٹوں کو دور کرتے ہوئے فوری تعمیری کاموں کے آغاز کیلئے ضروری مسئلہ کا حل تلاش کیا جائے۔ کمشنر جی ایچ ایم سی مسٹر سومیش کمار نے مخاطب کرتے ہوئے آئی ڈی ایچ کالونی میں متعلقہ محکمہ جات کو متحدہ طور پر اندرون مدت تعمیراتی کاموں کی تکمیل کرلینے کی ہدایت دی۔ اس موقع پر جی ایچ ایم سی ای این سی مسٹر دھن سنگھ، زونل کمشنر مسٹر ہری چندن، ڈائرکٹر واٹر ورکس مسٹر رامیشور راؤ اور دیگر بھی موجود تھے۔

TOPPOPULARRECENT