Monday , September 25 2017
Home / مذہبی صفحہ / دعائے نیم شب

دعائے نیم شب

آخری قسط

گزشتہ سے پیوستہ …
یااﷲ ! میں تجھ سے دعائیں کررہا ہوں مگر مجھے دعائیں کرنا نہیں آرہا، اس لیے یاالہ العالمین ! تجھ سے تیرے حبیب مکرمؐ نے جو دعائیں کی تھیں وہ دعائیں میرے حق میں بھی قبول فرمالے۔ یااﷲ! میں تجھ سے عفو و رحم کا ، فضل و کرم کا سوالی ہوں ، مجھ پر رحم فرما ، مجھ پر اپنا فضل و کرم فرما۔ مجھے فقر کے عذاب سے ، قرض کے عذاب سے ، ذلت کے عذاب سے ، سکرات کے عذاب سے ، قبر کے عذاب سے ، حشر کے عذاب سے محفوظ و مامون رکھ۔ مجھے دوزخ کے عذاب سے بچالے ۔ یااﷲ! آخرت میں اپنے حبیب مکرم ﷺ کی شفاعت اور رفاقت عطا فرما ۔ ابدی زندگی میں میرا اور میرے وابستگان کا ٹھکانہ حضور ﷺ کی قدموں میں بنادے ۔ اُنؐ کے قدموں میں جگہ عطا فرما۔
یااﷲ! مجھے نیک بخت بنا ، میری اولاد کو نیک بخت بنا ۔ ان کی مرادوں کو پورا فرما ۔ انہیں صحت و عافیت سے رکھ ، انھیں بیماریوں سے ، آفتوں سے ، آزمائشوں سے محفوظ و مامون رکھ۔ انہیں دونوں جہانوں کی سعادتیں نصیب فرما ۔ انھیں دونوں جہانوں میں سرخرو اور شاد و آباد رکھ۔ انہیں ان کاموں کی توفیق عطا فرما جن میںتیری رضا اور خوشنودی ہو ، یااﷲ ! انھیں اچھے اخلاق سے آراستہ فرمادے ۔ انھیں خلق کریم اور خلق عظیم سے سرفراز فرما ۔ اُن کی ضرورتوں کو اپنے خزانہ غیب سے پورا کر۔ انھیں اپنا محتاج رکھ، کسی اور کا محتاج نہ بنا ۔

یااﷲ ! دونوں جہانوں میں اُن کو ، ہرتکلیف سے، ہر پریشانی سے ہر عذاب سے محفوظ رکھ ، انھیں مقصد حیات کی تکمیل کی توفیق عطا فرما ۔ بے مقصد زندگی سے انھیں دور رکھ، یااﷲ ! ان کے حقوق کی ادائی میں مجھ سے بڑی کوتاہیاں ہوئی ہیں ، مجھے اپنی تقصیرات کا اعتراف ہے تو اپنے فضل و کرم سے ان کوتاہیوں کی تلافی فرمادے، ان پر نظر کرم فرما ۔ ان پر اپنی خاص رحمتیں نازل فرما ، یااﷲ ! ان کے مستقبل کو تابناک بنا ، ان کے گھروں میں برکتیں نازل فرما ۔ انھیں رزق کی فراوانی عطا فرما ، انھیں کسی کا محتاج نہ رکھ ، ان کے ہاتھوں کو کشادگی عطا فرما۔ یااﷲ! قرآن کریم کی تلاوت کو ان کا وظیفۂ حیات بنادے۔ انھیں دین کا صحیح فہم عطا فرما۔
یااﷲ! جو دعائیں میں اپنے لیے کررہا ہوں، ان دعاؤں کو میری اولاد کے حق میں بھی قبول فرما، یہی دعائیں میرے پوتوں ، پوتیوں ، نواسوں اور نواسیوں کے حق میں بھی قبول فرما۔ میرے رشتہ داروں ، میرے محبین اور میرے وابستگان کے حق میں بھی قبول فرما ۔
یااﷲ ! حرمین شریفین اور میدانِ عرفات میں اب تک تیرے جن نیک بندوں نے تجھ سے جو جو دعائیں مانگی ہیں اور تونے انھیں قبول بھی فرمایا ہے ، ان سب دعاؤں کو میرے حق میں بھی قبول فرما۔
یااﷲ ! تیرے کتنے خوش نصیب بندے ہیں جو حرمین شریفین میں اس وقت تجھ سے دعائیں کررہے ہیں اور تو انھیں شرف قبول بھی عطا فرمارہا ہے ۔ ان تمام دعاؤں کو میرے حق میں بھی قبول فرمالے اور تو انھیں جن جن نعمتوں ، رحمتوں اور برکتوں سے نواز رہا ہے یاالہ العالمین ! یارب العالمین! یاارحم الراحمین! وہ نعمتیں ، وہ رحمتیں ،وہ برکتیں مجھ فقیر کی جھولی میں بھی ڈال دے ، ان کی دعاؤں کے صدقے اور طفیل میں میری دعاؤں کو بھی قبول فرمالے۔
یااﷲ ! جو بیمار ہیں اُن کو شفائے عاجل و کامل عطا فرما۔ اے شافیِ مطلق ! تمام بیماروں پر اپنا فضل و کرم فرما ۔ اُن کو اُن کی تکلیفوں سے ، بیماریوں سے نجات عطا فرما ۔
یااﷲ ! جو بے روزگار ہیں ، ان کو روزگار عطا فرما ۔ ان کی پریشانیوں کو دور فرما ۔ اُن کے رزق میں برکت عطا فرما جو بدحال ہیں انھیں خوشحال بنادے ۔
یااﷲ ! جن گھروں میں اَن بیاہی لڑکیاں بیٹھی ہوئی ہیں ان کے مناسب اور اچھے رشتے کرادے۔ ان کے ماں باپ کی ، ان کے سرپرستوں کی پریشانیوں کو ، تفکرات کو دور فرما۔ اُن بچیوں کے نیک نصیبے کر، ان پر اپنا فضل و کرم فرما۔ انھیں خوشحال اور پاکیزہ زندگیاں عطا فرما۔
یااﷲ! جو مقروض ہیں، ان کے قرض کو اپنے خزانۂ غیب سے ادا فرمادے ۔ ان کی پریشانیوں کو دور فرما، یااﷲ! جو تیرے راستے سے بھٹک گئے ہیں ان کو راہ راست پر لگالے ۔ اُن کو اپنے راستے پر لے چل ۔

یااﷲ! جو نوجوان بری صحبتوں میں پڑھ کر تیرے راستے سے دور ہوگئے ہیں ، انھیں نیک ہدایت ، نیک توفیق عطا فرما۔ انھیں صراط مستقیم پر لگالے۔
یااﷲ! جو بے اولاد ہیں، انھیں صالح اور سعادت مند اولاد عطا فرما ۔ یااﷲ ! جو صاحب اولاد ہیں ان کی اولاد کو صالح، فرمانبردار اور سعادت مند بنادے۔ یااﷲ! اُمت مسلمہ پر رحم فرما ، اس کے حالات کو سنواردے، اس کے بگڑے کام بنادے۔ مسلمانوں کو اقوام عالم میں عزت و وقار عطا فرما۔
یااﷲ ! اپنے حبیب مکرمؐ کی اُمت کو کافروں اور مشرکوں کے سامنے ذلیل و خوار نہ کرے۔ حضورؐ کی اُمت پر رحم فرما ۔ یااﷲ! تمام مسلمانوں کو ایک اور نیک بنادے۔ اُمت مسلمہ کی اصلاح فرمادے۔ اسے برائیوں سے بچالے ، نیکیوں پر لگالے۔
یااﷲ! مسلمانوں کو خداناشناسوں سے ، خداناترسوں سے ، آخرت فراموشوں سے ، ایمان فروشوں سے ، دین کے سوداگروں سے ، جاہل صوفیوں سے محفوظ رکھ۔
یااﷲ ! اس اُمت کو دین کا فہم عطا فرما ۔ سیرت محمدی ؐ کا فہم عطا فرما ۔ اس کی روح کو مسلمانوں کے دلوں میں اُتار دے، اس کو فریضۂ تبلیغ ادا کرنے کی توفیق عطا فرما ۔ اس کو تبلیغ کا حکیمانہ اور ناصحانہ طریقہ سکھادے۔ اس کو ظاہر پرستی سے محفوظ رکھ۔اسلام کی روح سے آشنا کردے۔ یااﷲ! مسلمانوں کو مکتبوں اور مسلکوں کے جھگڑوں سے نکال کر ، اعتدال پر قائم فرما، تشدد سے بیزار کرکے صراط مستقیم پر لے چل۔
یااﷲ! میرے ملک کو ترقی و استحکام عطا فرما ۔ میرے وطن میں امن و امان قائم فرما ۔
یااﷲ! میرا ملک صوبائی ، نسلی ، لسانی ، مذہبی اور مسلکی عصبیتوں میں جکڑا ہوا ہے ، اس سے ان لعنتوں کو دور کردے ، میری قوم کو قومی اور ملی شعور عطا فرما۔
یااﷲ! جو لوگ ایمان اور اسلام کی دولت سے محروم ہیں، ان کو ایمان اور اسلام کی دولت سے سرفراز فرما ۔ ان کے اخلاق و اعمال کو سنواردے۔
یااﷲ! میں گنہ گار ہوں ، لیکن ہوں تو تیرا بندہ اور تیرے حبیب مکرمؐ کا اُمتی، ہوں تو تیرے رسول اکرمؐ کا علام ، مجھے معاف کردے۔ اے میرے معبود ! مجھے معاف کردے ۔
یااﷲ! تو نے اپنے فضل و کرم سے مجھ عاجز و ناچیز کو عزت عطا فرمائی ہے ۔ اس عزت کو قائم رکھ ، اس میں اضافہ فرما۔ یااﷲ! مجھے لوگوں کی نگاہوں میں معزز رکھ ، لیکن مجھے خود اپنی نگاہ میں چھوٹا اور حقیر بنائے رکھ ، یااﷲ! مجھے فخر و غرور سے بچائے رکھ، تکبر و تعالیٰ سے دور رکھ۔
یہ عطاء اﷲ حسینی ہے ترے در کا فقیر
فضل یارب! اِس گدائے بے نوا کے واسطے
رحمۃ للعالمین کی شانِ رحمت کے طفیل
اور تیری رحمتِ لامنتھیٰ کے واسطے
یااﷲ! یامجیب الدعوات ، یاارحم الراحمین! میری دعاؤں کو شرف قبول عطا فرما ۔
آمین آمین یارب العالمین بجاہ سیدالمرسلین۔

TOPPOPULARRECENT