Tuesday , October 24 2017
Home / مذہبی صفحہ / دعائے نیم شب

دعائے نیم شب

گزشتہ سے پیوستہ …
جب دمِ واپسیں ہو یا اﷲ
لب پہ ہو لا الہٰ الا اﷲ
یااﷲ !  تیرے حبیب پاک محمد ﷺ کے صدقے میں ، میں تجھ سے اپنا اچھا خاتمہ مانگتا ہوں۔ میرا خاتمہ اس حال میں فرما کہ میری زبان پر تیرا اور تیرے حبیب پاک محمد ﷺ کا نام ہو ، یااﷲ ! مجھے ایمان کی لذت اور حلاوت عطا فرما۔
یا اﷲ !  جب میں دنیا سے جاؤں تو ایمان کے ساتھ جاؤں ، میرا دامن کفر و شرک کے دھبوں سے پاک ہو ۔ میری قبر میں ایمان کی روشنی ہو ۔ جب میں میدان حشر میں آؤں تو میرے دائیں نور ہو ، میرے بائیں نور ہوں ، میرے اوپر نور ہو ، میرے نیچے نور ہو ، میرے آگے نور ہو ، میرے پیچھے نور ہو ۔
یا اﷲ !   مجھے اُن کاموں کی توفیق عطا فرما جن میں تیری رضا اور خوشنودی ہو اور پھر اُن       کاموں کو میرے لئے آسان بنادے ۔
یا اﷲ !   مجھے اکل حلال ، صدقِ مقال اور رزقِ فراواں عطا فرما ۔ مجھے اپنے سوا ساری مخلوق سے بے نیاز کردے ، میری مصیبتوں کو دور فرما ۔ میرے دکھوں کا مداوا کر ، مجھے دنیا و آخرت میں ہر فتنہ سے محفوظ و مامون رکھ۔
یارب بالمصطفیٰ بلغ مقاصدنا
واغفرلنا مامضی یا واسع الکرمِ
اے میرے پروردگار ! تجھے محمد مصطفی ﷺ کا واسطہ ، ہم کو اپنے مقاصد تک پہنچادے اور اب تک ہم سے جو گناہ ہوچکے ہیں ، ان کو اے واسع الکرم ! معاف کردے ۔
یا اﷲ !  تیرے سوا میرا کوئی نہیں ہے ۔ کوئی نہیں ۔ میری ساری اُمیدیں تجھ سے وابستہ ہیں۔ یا اﷲ !  مجھے بخش دے ۔ میرے ماں باپ کو بخشدے ، میرے عزیز و اقارب کو بخشدے۔ میرے سارے خاندان کو بخشدے ، مجھ سے دعا چاہنے والوں کو ، میرے محبین ، مخدومین اور میرے وابستگان کو بخشدے ، میر اہل وطن کوبخشدے ، رسول اکرم ﷺ کی ساری اُمت کو بخشدے ، سب کو بخشدے ، اے میرے معبود ! سب کو معاف کردے ۔ سب کو اپنے سایۂ رحمت میں لے لے ۔ تیری شانِ کریمی کے صدقے ، تیری شانِ رحیمی کے نثار۔
یا اﷲ !  میں گناہ گار ہوں ، میری گردن گناہوں کے بوجھ سے جھکی ہوئی ہے۔ میں نے جانتے بوجھتے تیری نافرمانیاں کی ہیں ، تیری نعمتوں میں لوٹ لوٹ کر میں نے تیری نافرمانیاں کی ہیں، میں نے اپنے آپ پر بڑا ظلم ڈھایا ہے ، میں اپنے گناہوں پر نادم اور شرمسار ہوں، ان گناہوں کو تیرے سوا کون بخشنے والا ہے ، تو غفور رحیم ہے بخشدے مالک ، بخشدے ۔ میرے گناہوں کو نہ دیکھ ، اپنی شانِ رحیمی کو دیکھ ، مجھ سے معاملہ میری نافرمانی کے مطابق نہیں ، اپنی شانِ رحیمی کے مطابق فرما ۔ تو غفور رحیم ہے ۔
یا اﷲ !  اگر بخشش صرف نیکوں کے لئے ہیں تو پھر میں برا کہا جاؤں ؟ کسے آواز دوں ؟ کس کو پکاروں ؟ تجھ سا کوئی کریم ہے تو بتادے ۔ تیرے باب کرم جیسا کوئی اور باب کرم ہے تو دکھادے ۔
مالی سوا قرعی لبابک حیلۃ
ولئن رددتَ فای باب اقرع
تیرا دروازہ کھٹکھٹانے کے سوا میرے پاس کوئی چارہ نہیں ، اگر تو مجھے خالی ہاتھ لوٹادے تو پھر کونسا دروازہ ہے جسے میں کھٹکھٹاؤں ؟ حاشا ! تیرے جود و کرم سے یہ بات بعید ہے کہ تو گنہ گار کو مایوس کردے گا ( نہیں ، ہرگز نہیں) تیرا فضل بے حد و بے کراں ہے اور بخششیں     بے پایا۔
یا اﷲ !   میں کمزور و ناتواں ہوں ، تیرے عذاب کے خوف سے ترساں و لرزاں ہوں، عذاب قبر کا حال سُن کر دل کانپ کانپ جاتا ہے ، خداوندا ! میں تیری رحمت کا اُمیدوار ہوں مجھ سے معاملہ ہرجگہ ، ہر مقام اپنی رحمت کے مطابق فرما۔
یا اﷲ ! میں عزت کا مستحق نہیں ہوں لیکن تو نے اپنے فضل و کرم سے مجھے عزت دی ہے اب اس عزت کی حفاظت کرنے والا بھی تو ہی ہے ۔ یا الہٰ العالمین ! یا ارحم الراحمین! مجھے دنیا میں بھی عزت سے رکھنا ، آخرت میں بھی عزت سے رکھنا ۔ آخرت میں مجھے رسوا نہ کر ۔
یا اﷲ !   مجھے نبی کریم صلی اﷲ علیہ و آلہٖ و سلم کو منہ دکھانے کے قابل بنادے ۔ حضور اکرم ﷺ کے سامنے مجھے شرمندہ نہ کر۔ یااﷲ!مجھے حساب کے بغیر بخشدے ۔ تو قادر مطلق ہے ۔ تو ہرچیز پر قادر ہے ۔ میری معذرت خواہی کو ، میری مغفرت طلبی کو قبول فرما ۔
یا اﷲ !  تجھے سیدالمرسلین ، خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیﷺ کے ان مبارک ہاتھوں کاواسطہ جو تیرے آگے پھیلائے جاتے تھے ، میری دعاؤں کو قبول فرما ۔
یا خفی اللطف ادرکنی بلطفک الخفی یا لطیف یالطیف یا لطیف
اے باریک اور نازک معاملات کو پوشیدہ طورپر حسنِ تدبیر سے انجام دینے والے اپنے پوشیدہ حسن تدبیر سے میری دستگیری فرما ، یا لطیف ، یالطیف ، یالطیف !
یا مقلب القلوب ! میرے دل کو اپنی طرف پھیرلے ، مجھے اپنا بنالے ، مجھے نفس کی شرارتوں سے ، شیطان کے وسوسوں سے ، دماغ کے فتور سے بچالے۔ مجھے صراط مستقیم پر لے چل ۔ یا اﷲ !  مجھے عقل کا سکون اور عشق کی بے تابی عطا فرما ۔ یا اﷲ ! مجھے دین کا صحیح فہم عطا فرما ، قرآن و حدیث کا علم عطا فرما ، اپنی اور اپنے نبی کریمؐ کی محبت عطا فرما ۔ اپنی اطاعت اور حضورؐ کے اتباع کی توفیق عطا فرما ، یا اﷲ !  مجھے ظاہر پرستی سے بچاکر اسلام کی روح سے آشنا کردے ۔
اللھم ارنا الحق حقاً و ارزقنا اتباعہ وارنا الباطل باطلاً وارزقنا اجتنابہ
مجھے حق کو حق دکھا اور اس کا اتباع عطا فرما ، مجھے باطل کو باطل دکھا اور اس سے بچنے کی توفیق عطا فرما ۔

TOPPOPULARRECENT