Wednesday , May 24 2017
Home / Top Stories / دفاعی و انسداد دہشت گردی تعاون میں اضافہ سے ہند ۔ اسرائیل اتفاق

دفاعی و انسداد دہشت گردی تعاون میں اضافہ سے ہند ۔ اسرائیل اتفاق

وزیر اعظم مودی کی صدر ریولن سے تفصیلی بات چیت ۔ دونوں ملکوں کے مابین دو معاہدات پر دستخط

نئی دہلی 15 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) اپنی بڑھتی ہوئی قربت کا اظہار کرتے ہوئے ہندوستان اور اسرائیل نے آج فیصلہ کیا ہے کہ وہ پہلے سے قریبی دفاعی تعلقات اور شراکت داری کو مزید وسعت دینگے اور ریاڈیکل اور تخریبی نظریات سے مقابلہ کیلئے ایک دوسرے سے تعاون میں مزید اضافہ کرینگے ۔ دونوں ملکوں نے عالمی برادری سے کہا کہ وہ دہشت گرد نیٹ ورکس اور ان کی تائید کرنے والے ممالک کے خلاف سخت کارروائی کریں۔ دونوں ملکوں نے کئی شعبہ جات میں اپنے تعلقات کو مزید گہرائی دینے کا فیصلہ کیا ہے جن میں تجارت و سرمایہ کاری ‘ زراعت ‘ آبی وسائل اور سائبر کرائم شامل ہیں۔ یہ فیصلہ وزیر اعظم نریندر مودی اور اسرائیل کے صدر روین ریولن کے مابین ملاقات کے دوران ہوا ہے ۔ ریولن پہلے دورہ ہند پر آئے ہوئے ہیں۔ اسرائیلی لیڈر کے ساتھ اپنی بات چیت کا خلاصہ دیتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے ایک میڈیا بیان میں کہا کہ دونوں ملکوں کے عوام کو دہشت گردی اور تخریب کاری کی طاقوں سے مسلسل خطرہ لاحق ہے اور دونوں ملکوں نے اتفاق کیا ہے کہ وہ ایسی طاقتو ں سے مقابلہ کیلئے اپنے تعاون میں مزید اضافہ کرینگے ۔ خاص طور پر سائبر کرائم کو روکنے پر بھی توجہ دی جائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس بات کو مانتے ہیں کہ دہشت گردی ایک عالمی چیلنج ہے ۔

ہم جانتے ہیں کہ اس کی کوئی سرحدات نہیں ہیں اور اسکے دوسرے منظم جرائم سے بھی رابطے ہیں۔ پاکستان کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ افسوس کی بات یہ ہے کہ دہشت گردی کی پیداوار اور اس کے فروغ کیلئے ذمہ دار ایک ملک ہندوستان کا پڑوسی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اس بات سے اتفاق کیا ہے کہ بین الاقوامی برادری کو ایک عزم اور حوصلے کے ساتھ دہشت گرد نیٹ ورکس اور اس کی تائید کرنے والے ممالک کے خَاف سخت کارروائی کرنی ہوگی ۔ کوئی کارروائی کرنے میں ناکامی اور خاموشی سے دہشت گردوں کی حوصلہ افزائی ہوگی ۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریولن کے دورہ سے باہمی تعلقات میں نئے ستون قائم کرنے کی سمت اچھی پیشرفت ہوئی ہے ۔ نریندر مودی نے کہا کہ فریقین نے یہ تسلیم کیا ہے کہ باہمی تعلقات کا استحکام اہمیت کا حامل ہے اور دفاعی کے شعبہ میں بڑھتا ہوا تعاون بھی ضروری ہے ۔ ہندوستان سب سے زیادہ دفاعی اور فوجی آلات اسرائیل سے خریدتا ہے ۔ دونوں ملکوں نے آج کی بات چیت میں دو معاہدات پر دستخط کئے جن کا زراعت اور آبی وسائل مینجمنٹ شعبہ جات سے تعلق ہے ۔ صدر اسرائیل نے کہا کہ ان کا ملک میک ان انڈیا اور میک وتھ انڈیا میں حصہ دار بننے کیلئے تیار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا کوئی جواز نہیں ہوسکتا ۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT