Friday , June 23 2017
Home / Top Stories / دفتر روزنامہ سیاست میں مصری قراء کی قرأت سے روحانی کیفیت

دفتر روزنامہ سیاست میں مصری قراء کی قرأت سے روحانی کیفیت

جناب زاہد علی خاں کی خدمات کو خراج تحسین ، مولانا پیر سید شبیر نقشبندی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 8 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : مصر کی عظیم دینی درس گاہ جامعہ الازہر کے ممتاز قراء کرام الشیخ محمد حافظ دارنکی اور الشیخ محمد سمیر نے آج حیدرآباد میں دفتر سیاست کے گولڈن جوبلی ہال میں منعقدہ عالمی قرآنی مہم کے سلسلہ میں افتتاحی جلسہ قرأت میں اپنی منفرد آواز اور خوبصورت لحن میں قرآنی آیات پیش کر کے ایک روحانی سماں باندھ دیا ۔ جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست کی نگرانی میں قرات کی اس محفل میں پرستاران قرآن کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ ابتداء میں عالمی قرآنی مہم کے بانی و محرک مولانا پیر سید شبیر نقشبندی نے مہمان قراء کا تعارف کرواتے ہوئے کہا کہ عالم اسلام میں مصر کے قاریوں نے تلاوت کلام پاک کے ذریعہ اسلام اور قرآن کی نمایاں خدمات انجام دی ہے ۔ مصر کی قرات نے ایک معیار قائم کیا ہے ۔ جس کی تقلید دنیا کے کئی قاری صاحبان کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ 27 برس سے ملک بھر میں ہر سال ماہ رمضان میں قرآنی مہم کے ذریعہ سماعت قرآن کا اہتمام کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے اس موقع پر جناب زاہد علی خاں کی ملی و دینی خدمات کو خراج تحسین ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہر سال ادارہ سیاست کی جانب سے ماہ رمضان میں جلسہ قرأت کا اہتمام کیا جاتا ہے ، جس سے اس بات کا ثبوت ملتا ہے کہ جناب زاہد علی خاں کو قرآن سے غیر معمولی نسبت اور صاحب قرآن سے بے پناہ محبت و عقیدت ہے ۔ مصر کے ممتاز قاری الشیخ محمد حافظ دارنکی نے جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست کو شال پیش کی اور بارگاہ الہٰی میں ان کی سربلندی اور درازی عمر کی دعا کی ۔ مولانا پیر شبیر نقشبندی نے ادارہ سیاست کی مختلف فلاحی سرگرمیوں کی ستائش کرتے ہوئے عالمی قرآنی مہم کی جانب سے لاوارث مسلم نعشوں کی تجہیز و تکفین کے لیے 21 ہزار روپئے بطور عطیہ پیش کیا ۔ انہوں نے جناب زاہد علی خاں کی خدمت میں تجویز پیش کی کہ وہ آئندہ سال ماہ رمضان کے دوران حیدرآباد میں قرآن کانفرنس اور عالمی جلسہ قرأت کا سیاست کی جانب سے اہتمام کریں تاکہ مقامی اور ملک کے دوسرے علاقوں سے تعلق رکھنے والے قراء کے علاوہ بیرونی قراء کی فن قرات کو سننے اور محظوظ ہونے کا موقع حاصل ہو ۔ سب سے پہلے قاری الشیخ محمد سمیر نے سورۃ الیل کی آیات کی اپنے مخصوص لحن اور انداز میں تلاوت کر کے محفل پر کیفیت طاری کردی ۔ اس کے بعد قاری الشیخ محمد حافظ دارنکی نے کئی قرآنی آیات کی اپنے مخصوص انداز اور منفرد قرأت میں تلاوت کی ۔ جناب زاہد علی خاں کی فرمائش پر انہوں نے سورہ رحمن کی ایک ایک آیات کی مختلف انداز میں تلاوت کی اور ہر طرف ان کے مخصوص لحن اور منفرد اظہار پر سبحان اللہ ، سبحان اللہ ، ماشاء اللہ کی صدائیں بلند ہوتی رہیں ۔ سورہ رحمن کی ایک آیت ’ کل من علیھا فان ‘ کی آیت پر جب وہ پہنچے تو ان کی گلوگیر آواز سن کر سامعین کی آنکھیں اشکبار ہوگئیں ۔ اس موقع پر ممتاز قاری جناب عبدالقیوم شاکر نے سورہ الضحیٰ کی آیات مبارکہ کی تلاوت کا شرف حاصل کیا اور مصری قاریوں اور دیگر سامعین سے داد و ستائش حاصل کی ۔ جلسہ قرأت میں جناب عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف ، جناب عثمان الہاجری صدر نشین دکن وقف پروٹیکشن ، مولانا انعام الحق ، مولانا مفتی نعمان وزیر ، جناب سید اصغر حسین ، شفیع اقبال ، بیورو چیف سیاست جناب شہاب الدین ہاشمی ، جناب علی الگتمی ( ٹی ڈی پی لیڈر ) کے علاوہ معززین شہر اور اراکین اسٹاف روزنامہ سیاست نے شرکت کی ۔۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT