Friday , July 28 2017
Home / شہر کی خبریں / دلت کو صدارتی امیدوار بنانے میں ٹی آر ایس کا اہم رول

دلت کو صدارتی امیدوار بنانے میں ٹی آر ایس کا اہم رول

چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی تجویز پر رامناتھ کووند کی نامزدگی کا خیر مقدم
حیدرآباد ۔ 20۔ جون (سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے دعویٰ کیا کہ این ڈی اے نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی تجویز پر دلت قائد کو صدارتی امیدوار مقرر کیا ہے۔ پارٹی نے صدارتی امیدوار کے طور پر رامناتھ کووند کو امیدوار مقرر کرنے کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ ایک دلت قائد کو صدر جمہوریہ کے باوقار عہدہ کیلئے امیدوار بنانا قابل ستائش ہے۔ ٹی آر ایس کے رکن قانون ساز کونسل کے پربھاکر نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس لیجسلیچر پارٹی رامناتھ کووند کی امیدوار کا خیرمقدم کرتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست کو درپیش مختلف مسائل کے سلسلہ میں وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کے دوران چیف منسٹر نے وزیراعظم کو تجویز پیش کی تھی کہ صدر جمہوریہ کے عہدہ کیلئے کسی دلت کو امیدوار بنایا جائے۔ چیف منسٹر کی اس تجویز کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی نے رامناتھ کووند کی امیدواری کی راہ ہموار کی ہے ۔ پربھاکر نے کہا کہ وزیراعظم نے چیف منسٹر کو فون کرتے ہوئے رامناتھ کووند کی امیدواری کی اطلاع دی اور کہا کہ آپ کی تجویز کے مطابق دلت قائد کو امیدوار بنایا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس اگرچہ این ڈی اے میں شامل نہیں ہے ، تاہم مرکزی حکومت کے اس فیصلہ کو ملک کیلئے خوش آئند تصور کرتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ ٹی آر ایس نے رامناتھ کووند کی تائید کا اعلان کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس نے ہمیشہ ملک اور ریاست کے مفاد کو پیش نظر رکھا ہے اور اس نے کبھی بھی قومی مفاد پر سیاست نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس ریاست اور عوام کی ترقی اور عوام کی ہمہ جہتی ترقی کے مقصد سے کام کر رہی ہے ۔ ریاست بھر میں حکومت کی جانب سے بھیڑ بکریوں کی تقسیم کو تاریخی قدم قرار دیتے ہوئے پربھاکر نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے کبھی بھی کمزور طبقات پر توجہ نہیں دی تھی۔ یہ پہلا موقع ہے جب ٹی آر ایس حکومت نے چرواہوں اور کسانوں کی بھلائی کو پیش نظر رکھتے ہوئے منفرد اسکیم شروع کی ہے۔ چیف منسٹر نے آج ضلع میدک کے گجویل میں اس تقریب کا آغاز کیا۔

TOPPOPULARRECENT