Saturday , August 19 2017
Home / تفریح / دلیپ کمار صحتیاب، دواخانہ سے ڈسچارج، سائرہ کا اظہارتشکر

دلیپ کمار صحتیاب، دواخانہ سے ڈسچارج، سائرہ کا اظہارتشکر

ممبئی ۔ 9 اگست (سیاست ڈاٹ کام) افسانوی اداکار دلیپ کمار گردہ کے عارضہ کے علاج کیلئے آٹھ دن تک دواخانہ میں شریک رہنے کے بعد آج ڈسچارج ہوگئے۔ دلیپ صاحب ایک وھیل چیر پر دواخانہ سے باہر آئے۔ ان کی شریک حیات سائرہ بانو خاندانی دوستوں اور ڈاکٹرس اس موقع پر ان کے ساتھ تھے۔ دلیپ کمار کی تیمارداری میں شب و روز مصروف سائرہ بانو نے اس خوشگوار موقع پر فرط مسرت کے ساتھ اپنے شوہر کا بوسہ لیاا ور ان سے وہاں منتظر خیرخواہوں اور مداحوں کی جانب ہاتھ لہرانے کیلئے کہا۔ 94 سالہ اداکار کو گردہ کے عارضہ کے سبب گذشتہ چہارشنبہ کو مضافاتی علاقہ باندرہ میں واقع لیلاوتی ہاسپٹل میں شریک کیا گیا تھا۔ سائرہ بانو نے اپنے شوہر کے ٹوئیٹر پر لکھا کہ ’’اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے دلیپ صاحب ٹھیک ہیں۔ وہ لیلاوتی ہاسپٹل کے ڈاکٹر نتن گوکھلے، ڈاکٹر ارون شاہ اور صاحب (دلیپ کمار) کے خاندانی فزیشینس ڈاکٹر آر سی شرما اور ڈاکٹر ایس گوکھلے کی نگرانی میں ہیں، جس کے ساتھ ڈاکٹر ایس ڈی باپٹ قیمتی مشورے دے رہے ہیں‘‘۔ سائرہ بانو نے کہا کہ ’’اس ممتاز (ڈاکٹرس کی) ٹیم نے صاحب کو آج گھر لیجانے کی اجازت دی۔ میں ان کے ماہرانہ علاج و دیکھ بھال کیلئے ڈاکٹروں، ہاسپٹل اسٹاف، صاحب کے شخصی اسٹاف کے علاوہ ان کیلئے دعائیں کرنے والے مداحوں اور دوستوں کی ممنون و مشکور ہوں۔ یہ اللہ عزوجل کی کرم فرمائی و مہربانی ہے جس کا میں پورے خلوص، احسان مندی، عجز و انکساری کے ساتھ اعتراف و اظہار کرنا چاہتی ہوں۔

TOPPOPULARRECENT