Saturday , August 19 2017
Home / Top Stories / دلیپ کمار کو آج پدم وِبھوشن ایوارڈ کی پیشکشی

دلیپ کمار کو آج پدم وِبھوشن ایوارڈ کی پیشکشی

نئی دہلی، 12 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی فلمی دنیا کے عظیم ترین اداکار دلیپ کمار کو ممبئی میں کل منعقد شدنی ایک تقریب میں پدم وِبھوشن ایوارڈ عطا کیا جائے گا۔ وزارتِ داخلہ کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ اتوار کو 93 سالہ افسانوی اداکار دلیپ کمار کو اُن کی رہائش گاہ پر ’’پدم وِبھوشن‘‘ ایوارڈ پیش کریں گے۔ حکومت نے 25 جنوری 2015ء کو یوم جمہوریہ کے موقع پر دلیپ کمارکے علاوہ امیتابھ بچن اور چند دیگر کو پدم وِبھوشن اعزاز دینے کا اعلان کیا تھا۔ اپریل کے دوران راشٹرپتی بھون میں ایوارڈ پیشکشی کیلئے منعقدہ تقریب میں صدرجمہوریہ پرنب مکرجی نے دیگر شخصیات کو یہ ایوارڈ پیش کیا تھا لیکن دلیپ کمار ناسازی صحت کے سبب وہاں نہیں پہونچ سکے تھے۔ میوہ کے پٹھان تاجر غلام سرور خان کے فرزند یوسف خان 11 ڈسمبر 1922ء کو موجودہ پاکستان کے شہر پشاور کے محلہ قصہ خوانی میں پیدا ہوئے تھے۔ یوسف خان نے فلمی نام ’’دلیپ کمار‘‘ اختیار کیا۔ وہ ’مغل اعظم‘ ، ’نیا دور‘، ’دیوداس‘، ’مدھومتی‘، ’گنگاجمنا‘، ’آزاد‘، ’انداز‘ اور ’لیڈر‘ وغیرہ جیسی کلاسیکی و شہرۂ آفاق فلموں میں اداکاری کے منفرد جوہر دِکھاتے ہوئے خوب مشہور و مقبول ہوئے۔ دلیپ کمار پہلے ہی ’’پدم بھوشن‘‘ ایوارڈ حاصل کرچکے ہیں۔ 1991ء میں انہیں ’’دادا صاحب پھالکے‘‘ ایوارڈ بھی حاصل ہوا تھا۔

TOPPOPULARRECENT