Tuesday , May 23 2017
Home / سیاسیات / دمشق کے علاقوں پر شامی فوج کے دوبارہ قبضے کا دعویٰ

دمشق کے علاقوں پر شامی فوج کے دوبارہ قبضے کا دعویٰ

دمشق ۔ 21 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) شام کی سرکاری فورسز نے دارالحکومت دمشق کے باغیوں کے زیر قبضہ آنے والے بعض علاقوں پر دوبارہ کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ شامی باغیوں نے دمشق کے قلعہ نما علاقے جوبر اور اس کے نواح میں واقع عمارتوں پر ہفتے کی شب اچانک حملہ کر کے قبضہ کر لیا تھا۔جوبر میں گذشتہ دو روز کی لڑائی میں طرفین کا بھاری جانی نقصان ہوا ہے۔یہ علاقہ دمشق قدیم کی فصیل سے صرف دو کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔یہاں باغی جنگجوؤں نے زیر زمین سرنگوں کے ذریعے گھس کر دھاوا بولا تھا اور خودکش بم دھماکوں کیے تھے جسکے بعد انھوں نے بہت سی عمارتوں پر قبضہ کر لیا تھا۔برطانیہ میں قائم شامی رصدگاہ برائے انسانی حقوق نے ایک بیان میں بتایا ہیکہ لڑائی میں 26 فوجی اور حکومت نواز مسلح افراد جبکہ 21 باغی ہلاک ہوگئے ہیں۔فریقین کے درمیان سوموار کو بھی لڑائی جاری تھی۔شام میں گذشتہ 6 سال سے جاری خانہ جنگی میں یہ پہلا موقع ہیکہ باغی گروپوں نے اس طرح دارالحکومت میں ایک بھرپور حملے کیساتھ دراندازی کی ہے۔شام میں القاعدہ کی شاخ کی قیادت میں مختلف جنگجو گروپوں اور ایک آزاد گروپ فیلق الرحمان نے مشترکہ طور پر یہ حملہ کیا تھا اور ایک مرحلے پر شامی فوج کو بالکل پسپا ہونے پر مجبور کردیا تھا۔باغیوں کا اگرچہ تھوڑے ہی وقت کیلئے جوبر پر قبضہ رہا ہے لیکن یہ ان کی منتشر ہوتی عسکری قوت کے دوبارہ مجتمع ہونے کا بھی مظہر ہے کیونکہ انھیں حالیہ مہینوں کے دوران میں ملک کے دوسرے علاقوں میں پے درپے شکستوں کا سامنا کرنا پڑا ہے اور صدر بشارالاسد کے تحت فوج انھیں دمشق کے علاقوں سے نکال باہر کرنے کیلئے کوشاں ہے۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT