Monday , August 21 2017
Home / تفریح / ’’دنگل‘‘ ایک فلم ہی نہیں لڑکیوں سے امتیازی سلوک پر ایک پیغام ایک آواز

’’دنگل‘‘ ایک فلم ہی نہیں لڑکیوں سے امتیازی سلوک پر ایک پیغام ایک آواز

عامر خان ، ڈائریکٹر نتیش تیواری اور سانیہ ملہوترا کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔ 19ڈسمبر (ایم اے سلام) ’’دنگل‘‘ ایک فلم ہی نہیں بلکہ ملک میں لڑکیوں کے ساتھ ہورہے امتیازی سلوک پر ایک آواز اور ایک پیغام ہے۔ یہ بات بالی ووڈ سوپر اسٹار عامر خاں نے سابق ہریانوی ریسلنگ چمپین مہاویر سنگھ پھوگاٹ کی زندگی پر بنائی گئی اپنی فلم ’’دنگل‘‘ کے پروموشن کے موقع پر یہاں ایک پریس کانفرنس کے دوران بتائی جو 23 ڈسمبر کو ریلیز ہورہی ہے۔ عامر خاں نے کہا کہ لڑکیوں کو مردوں کے مقابلے میں کسی بھی شعبہ میں کم تر سمجھنے کی ضرورت نہیں ہے اور لڑکیوں کو ہر میدان میں آگے آنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ’’دنگل‘‘ ایک بائیوگرافک اسپورٹس ڈرامہ فلم ہے اور اس فلم کی کہانی صرف اتنی ہی ہے کہ لڑکیوں کی پیدائش سے نااُمید مہاویر سنگھ پھوگاٹ ایک واقعہ کے بعد کس طرح اپنی بیٹیوں کو ورلڈ کلاس پروفیشنل ریسلرس کے طور پر تیار کرتے ہیں جبکہ وہ انڈیا ریسلنگ میں گولڈ میڈل ہارکر اس اُمید پر ہوتے ہیں کہ اگر اُنہیں لڑکا ہوا تو وہ اسے یہ اعزاز حاصل ہوگا، لیکن جب ان کی پتنی لڑکی کو جنم دیتی ہے تو وہ مایوس ہوجاتے ہیں۔ وہ نہیں سمجھتے کہ لڑکیاں ریسلنگ جیت سکتی ہیں۔ ڈائریکٹر نتیش تیواری نے کہا کہ اس موضوع پر کام کرنے کے لئے انہیں کافی محنت کرنی پڑی۔ عامر خاں نے جہاں اس فلم میں مہاویر سنگھ پھوگاٹ کا مرکزی کردار نبھایا ہے، وہیں ان کی پتنی دَیا شوبھا کور (ساکشی تنور) نے بھی بہترین پرفارمینس دی ہے۔ فلم میں فاطمہ ثناء شیخ، سانیہ ملہوترا نے دونوں بیٹیوں کے کردار نبھائے ہیں۔ عامر خاں کو ہریانوی زبان سیکھنی اور ریسلنگ کی تربیت حاصل کرنی پڑی اور  اپنا وزن بڑھانا اور کم کرنا پڑا۔ عامر خاں کے اس فلم میں دو لُک دکھائے گئے ہیں جس میں 80% میں وہ ادھیڑ عمر کے ریسلر ہیں تو 20% میں جوان۔ یہ فلم جذبات اور تفریح سے بھرپور ہے۔ امیتابھ بھٹا چاریہ کے گیت سب کو پسند آرہے ہیں۔ سانیہ ملہوترا نے کہا کہ اس فلم میں کام کرنا ایک بہترین تجربہ رہا۔ والٹ ڈِزنی پکچرس، عامر خاں پروڈکشن اور یوٹی وی موشن پکچرس کے بیانر پر بنائی گئی اس فلم کو عامر خاں، کرن راؤ اور سدھارتھ رائے کپور نے پروڈیوس کیا ہے جبکہ اس کی موسیقی پریتم نے فراہم کی ہے۔

TOPPOPULARRECENT