Monday , August 21 2017
Home / Top Stories / دنیا بھر میں ہندوستانی برادری حب الوطنی کے جذبہ سے سرشار

دنیا بھر میں ہندوستانی برادری حب الوطنی کے جذبہ سے سرشار

یوم آزادی کی دنیا بھر میں 69 ویں سالگرہ ، پرچم کشائی ، حب الوطنی کے گیت اور تہذیبی پروگرام ، جذباتی مناظر

ملبورن ؍ بنکاک ۔ 15 اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) دنیا بھر میں ہندوستانی سفارتخانوں پر ترنگا فخر کے ساتھ لہرا رہا تھا ۔ ہندوستانی سفیروں نے پرچم کشائی قومی ترانہ کی گونج میں کی تھی ۔ سینکڑوں ہندوستانی اور ہندوستان کے دوست یوم آزادی کی 69 ویں سالگرہ منانے کیلئے جمع تھے ۔ آسٹریلیا میں سینکڑوں ہندوستانی افسانوی وفاقی چوک کی عمارت ملبورن میں جمع ہوئے تاکہ یوم آزادی تقریب اور پرچم کشائی میں شرکت کرسکے ۔ سفارتخانہ پر سفیر نودیپ سوری نے ترنگا لہرایا ۔ بالی ووڈ اداکار انیل کمار دیگر اہم شخصیات اور عوام کا ایک ہجوم اس موقع پر موجود تھا ۔ سفیر نے اپنی تقریر میں کہا کہ یہ ہمارے لئے انتہائی فخر کی بات ہے کہ آسٹریلیا میں بھی ہندوستانی برادری موجود ہے ۔ انیل کپور کا گرم جوش خیرمقدم کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ یہ ایک جذباتی لمحہ ہے کیونکہ ہمارے درمیان ہندوستانی پرچم لہرانے کے موقع پر وفاقی چوک میں فلم اداکار انیل کپور بھی موجود ہیں۔ بنکاک میں ہندوستان کے سفیر برائے تھائی لینڈ ہرش وردھن شرنگلا نے قومی پرچم ہندوستانی سفارتخانہ پر لہرایا ۔

کم از کم 750 ہندوستانی اور ہندوستانی نژاد تھائی افراد اس موقع پر موجود تھے ۔ شرنگلا نے صدرجمہوریہ کے خطاب کے اقتباسات سنائے ۔ بعد ازاں حب الوطنی کے گیت بچوں نے جن کا تعلق ماڈرن انٹرنیشنل اسکول بنکاک اور دیگر کئی ہندوستانی انجمنوں سے تھا سنائی ۔ قومی پرچم تمام اسوسی ایشنس پر آسیان ممالک میں ہندوستانی سفیروں نے پرچم کشائی کی ۔ سینکڑوں ہندوستانی میانمار ، سنگاپور ، ملائیشیا ، ویٹنام ، فلپائن ، لاؤس ، کمبوڈیا ، انڈونیشیا میں یوم آزادی تقریب میں شریک تھے ۔ ان تقاریب میں بعض شہروں میں اتنا کثیر مجمع تھا کہ تقریب کیلئے حاصل کیا ہوا میدان کم پڑ رہا تھا۔ ہنوئی میں ہندوستانی سفیر برائے ویٹنام پریتی سرن نے 300 افراد کی موجودگی میں ترنگا لہرایا ۔ انھوں نے کہا کہ جاریہ سال کی تقریب بے مثال سطح پر ہندوستانی برادری کے افراد کی شرکت کے ساتھ منائی گئی ۔ اس کی ایک وجہ یہ بھی تھی کہ ہفتہ وار تعطیل تھی اور کثیرتعداد میں ہندوستان کے عارضی کارکن آئی بی این ، مائیکرو سافٹ ، نوکیا اور دیگر کئی کثیرقومی کمپنیوں میں ہنوئی میں برسرروزگار ہیں۔ ٹوکیو میں ہندوستانی سفیر برائے جاپان دیپا واگھوا نے چانسری کے احاطہ میں قومی پرچم لہرایا ۔ 500 سے زیادہ ہندوستانی نژاد جاپانی شہری پروگرام میں شریک تھے ۔ انڈین انٹرنیشنل اسکول جاپان ، گلوبل انڈین انٹرنیشنل اسکول جاپان اور تاتھوا انٹرنیشنل اسکول کے طلبہ نے حب الوطنی کے گیت پیش کئے۔ سنگاپور میں ہندوستانی سفارتخانہ پر یوم آزادی تقریب چاندسری کے احاطہ میں کھلے میدان میں منعقد کی گئی ۔ 1000 ہندوستانیوں کی موجودگی میں ترنگا لہرایا گیا ۔

ہندوستانی سفیر وجئے سنگھ ٹھاکر نے صدرجمہوریہ کا خطاب پڑھ کر سنایا جبکہ مقامی ہندوستانی اسکولس کے طلبہ نے حب الوطنی کے گیت پیش کئے ۔ تمام شعبہ ہائے حیات کے ہندوستانیوں اور تاجر برادری کے قائدین دو گھنٹہ طویل تقریب میں شریک تھے ۔ ہندوستان کے سفیر برائے پاکستان نے اسلام آباد میں سفارتخانہ میں ترنگا لہرایا ۔ سفیر برائے پاکستان ٹی سی اے راگھون نے صدرجمہوریہ کا قوم کے نام پیغام بھی پڑھ کر سنایا ۔ بچوں نے حب الوطنی کے گیت اور تہذیبی پروگرام پیش کئے ۔ مصوری کا مقابلہ اور کھیلوں کے مقابلے بھی منعقد کئے گئے ۔ چین میں ہندوستانی تارکین وطن کی کثیرتعداد کی موجودگی میں ہندوستانی سفیر برائے چین اشوک کے کانتا نے کہا کہ چین ہندوستان کا کلیدی شراکت دار بن گیا ہے اور ہندوستان کی ترقی پوری رفتار کے ساتھ پیشرفت کررہی ہے ۔ 300 سے زیادہ ہندوستانی ماہرین اور اُن کے ارکان خاندان نے کئی رنگارنگ تہذیبی پروگرام بشمول کتھاکلی اور بھرت ناٹیم رقص کے مظاہرے پیش کئے ۔ نیپال میں سفیر ہند رنجیت رائے نے ترنگا لہرایا ۔ مصر میں ہندوستانی سفیر سنجے بھٹا چاریہ نے ترنگا لہرایا ۔ ہندوستانی برادری نے مختلف پروگرام پیش کئے۔ اسرائیل میں یوم آزادی تقاریب میں 450 ہندوستانیوں نے شرکت کی ۔ ہندوستان کے سفیر جئے دیپ سرکار نے ترنگا لہرایا ۔

TOPPOPULARRECENT