Wednesday , September 20 2017
Home / دنیا / دنیا کے 54 ممالک کا مشترکہ پاسپورٹ کا اعلان

دنیا کے 54 ممالک کا مشترکہ پاسپورٹ کا اعلان

کیگالی۔ 11 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) یورپی یونین کی بات پرانی ہو گئی کیونکہ اب اس سے بھی بڑی اور طاقتور افریقی یونین وجود میں آ گئی ہے۔ برطانیہ کی یورپی یونین سے علیحدگی کے بعد اس طاقتور یورپی بلاک کے مستقبل پر سوال اٹھائے جانے لگے ہیں لیکن دوسری جانب افریقہ کے 54 ممالک نے مشترکہ پاسپورٹ جاری کرنے کا اعلان کر کے اپنی طاقت کا مظاہرہ کر دیا ہے۔ نئے الیکٹرانک پاسپورٹ کا مالک کوئی بھی فرد تمام 54 افریقی ممالک میں ویزے کے بغیر داخلے کا مجاز ہو گا۔ افریقی یونین کا نیا پاسپورٹ 10 جولائی سے 18 جولائی تک روانڈا کے شہر کیگالی میں منعقد ہونے والی افریقی یونین سمٹ میں متعارف کرایا جائے گا۔ افریقی یونین کا کہنا ہے کہ مشترکہ پاسپورٹ افراد، خیالات و نظریات، اشیاء اور خدمات کے سرحدوں سے بالاتر تبادلے میں انتہائی اہم ثابت ہو گا۔ افریقی یونین کے ذمہ داران کا کہنا ہے کہ 2018 تک ہر افریقی باشندے کے پاس افریقی یونین کا پاسپورٹ ہو گا، جو اسے بیک وقت 54 ممالک کا شہری بنا دے گا۔ واضح رہے کہ جہاں ایک طرف یورپی یونین لڑکھڑا رہی ہے وہیں دنیا کے دیگر خطوں میں نئے سیاسی و معاشی بلاک بن رہے ہیں۔ روس اپنے قریبی ممالک بیلا روس، قازقستان، آرمینیا اور کرغستان پر مشتمل یوریشین یونین قائم کر چکا ہے، جبکہ مشرقی ایشیاء کے ممالک اور جنوبی امریکہ کی اقوام بھی اپنے علیحدہ بلاک قائم کر چکی ہیں۔

TOPPOPULARRECENT