Thursday , August 24 2017
Home / شہر کی خبریں / دوبئی کے مسابقہ قرآن میں کمسن حیدرآبادی قاری کو چھٹواں انعام

دوبئی کے مسابقہ قرآن میں کمسن حیدرآبادی قاری کو چھٹواں انعام

اذان کے مقابلوں میں 12 واں نمبر ، ممتاز قاری مشاری راشد کی ہوبہو نقل محمد نعمان کی خوبی
حیدرآباد ۔ 20 ۔ اگست : ( نمائندہ خصوصی ) : قرآن مجید بنی نوع انسان کے لیے اللہ تعالیٰ کا آخری پیغام ہے اور یہ سارے انسانوں کے لیے ایک نعمت عظمیٰ ہے ۔ اللہ رب العزت نے اپنے بندوں کو یہ نعمت عظمیٰ عطا کرتے ہوئے ایسا احسان عظیم کیا ہے جس کا جتنا شکر ادا کیا جائے کم ہے ۔ احادیث مبارکہ میں قرآن مجید کو خوش الحانی سے پڑھنے کی ہدایات آئی ہیں ۔ ہمارے نبی کریم ﷺ کا ارشاد مبارک ہے ’’ میری امت کی سب سے افضل عبادت تلاوت قرآن ہے ‘‘ ۔ قرآن مجید کے ایک حرف کی تلاوت پر دس نیکیاں لکھی جاتی ہیں ۔ آپ ﷺ کا ارشاد مبارک ہے ’’ قرآن پڑھنے والے سے کہا جائے گا قرآن کریم پڑھتا جا اور جنت میں منزل بہ منزل چڑھتاجا ‘‘ ۔ اللہ تعالیٰ کا شہریان حیدرآباد پر احسان عظیم ہے کہ اس سرزمین پر دنیا کے مشہور و معروف قراء پیدا ہوئے اور قرات کلام پاک عام و خواص کو سکھانے کے لیے غیر معمولی کوشش بھی کیں اور ان کوششوں کے ثمر آور نتائج بھی برآمد ہوئے ۔ بہر حال وہ ماں باپ قسمت ہیں جو اپنی اولاد کو قرآن مجید پڑھنے کی ترغیب دیتے ہیں ۔ انہیں حافظ و قاری بنانے کی فکر کرتے ہیں ۔ قارئین آج ہم آپ کی ملاقات ایک ایسے کمسن قاری سے کرواتے ہیں جنہوں نے انٹرنیٹ پر مشہور و معروف قراء کی نقل کرتے ہوئے نہ صرف قرات کلام پاک اور اذان کی تربیت حاصل کی بلکہ حکومت دوبئی کی جانب سے ہر سال منعقد ہونے والے عالمی مسابقہ قرآن و اذان کے مقابلہ میں بالترتیب 6 واں اور 12 واں مقام حاصل کیا ۔ یہ کمسن قاری متحدہ عرب امارات میں مقیم حیدرآبادی تاجر محمد نفیس کے 13 سالہ فرزند ہیں جو ایم ایس ہائی اسکول میں 9 ویں جماعت کے طالب علم ہیں ۔ ساتھ ہی مدرسہ امداد العلوم ٹین پوش ریڈہلز سے حفظ بھی کررہے ہیں ۔ آپ کو بتادیں کہ عالم اسلام کے مشہور و معروف قراء کرام میں کویت کے قاری مشاری راشد العفاسی کا شمار ہوتا ہے ۔ 39 سالہ مشاری کی آواز اس قدر میٹھی ہے کہ وہ جب قرآن مجید کی تلاوت کرتے ہیں تو لوگوں کی ساری توجہ سمٹ لیتے ہیں ۔ قاری مشاری راشد العفاسی کویت کی جامع مسجد کے امام ہیں اس کے علاوہ وہ العفاسی ٹی وی بھی چلاتے ہیں ۔ جس کے ذریعہ ساری دنیا میں مشہور قراء کی قرآت کلام پاک پیش کی جاتی ہے ۔ محمد نعمان کو چوتھی جماعت سے ہی قرات کلام پاک سننے اور پڑھنے کا شوق ہوگیا وہ نعت شریف بھی پڑھنے لگے ۔ انہوں نے انٹرنیٹ پر مشاری راشد العفاسی کی قرات کلام پاک سن سن کر مختلف سورتیں ان ہی کے انداز میں پڑھنا شروع کیا اور ایک طرح سے ان کی ہوبہو نقل کی ۔ دوبئی میں جب محمد نعمان نے قرات کلام پاک سنائی تب حاضرین مشاوری راشد کے لحن اور ان کی آواز سن کر حیران رہ گئے اور اس غیر معمولی خوبی کے لیے محمد نعمان کو دعاؤں سے نوازا ۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ محمد نعمان باضابطہ کسی قاری سے اذان یا قرات کی تربیت حاصل نہیں کی بلکہ انٹرنیٹ کے ذریعہ مشاری کی ہوبہو نقل کرنی شروع کردی ۔ دوبئی کے مسابقہ قرآن میں اس حیدرآبادی لڑکے کو 6 واں اور اذان کے مقابلوں میں 12 واں مقام حاصل ہوا ۔ ان دونوں مقابلوں میں بالترتیب 100 اور 62 بچوں نے شرکت کی جن کا مختلف ممالک سے تعلق تھا ۔ محمد نعمان جب اذان دیتے ہیں تو سننے والے سنتے ہی رہ جاتے ہیں ۔ اذان کی تربیت بھی انہوں نے کسی استاذ سے حاصل نہیں کی بلکہ گھڑیوں میں جو اذان ریکارڈ کی ہوئی ہوتی ہیں ۔ اسی سے اذان دینا بھی سیکھ گئے ۔محمد نعمان عربی اور اردو نعت بھی بہت ہی پیارے انداز اور آواز میں پڑھتے ہیں ۔ دوبئی کے مسابقہ قرآن میں 6 واں مقام حاصل ہونے پر انہیں چار ہزار درہم کا نقد انعام سند اور ٹرافی دی گئی ۔ محمد نعمان نے اپنے والد محمد نفیس کے ہمراہ ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں سے ملاقات کرتے ہوئے اپنی کامیابی کے بارے میں بتایا جس پر ایڈیٹر سیاست نے اس کمسن قاری کی ستائش کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔ امید ہے کہ محمد نعمان مستقبل میں ایک جید حافظ و قاری کی حیثیت سے ابھریں گے ۔۔

TOPPOPULARRECENT