Monday , September 25 2017
Home / Top Stories / دوبدو ملاقات پروگرام کو عالمی مقبولیت ، مخلصانہ کوششوں کے ثمر آور نتائج

دوبدو ملاقات پروگرام کو عالمی مقبولیت ، مخلصانہ کوششوں کے ثمر آور نتائج

اِدارۂ سیاست و ایم ڈی ایف کی ستائش ، جناب محمد افتخار شریف صدرنشین نیشنل بنکاڈ کارپوریشن شکاگو اور دیگر شخصیتوں کا خطاب
حیدرآباد۔ 20 نومبر ( دکن نیوز) جناب محمد افتخار شریف صدرنشین نیشنل بنکاڈ کارپوریشن (شکاگو)نے کہا کہ دوبہ دو ملاقات پروگرام کو عالمی شہرت یافتہ پروگرام کی حیثیت حاصل ہوگئی ہے ۔ چنانچہ امریکہ اور دیگر ملکوں میں بھی مسلمان اس نوعیت کے کاموں کو شروع کرنے پر اصرار کر رہے ہیں اور وہ خود شکاگو میں والدین و سرپرستوں کے لئے دوبہ دو ملاقات پروگرام رکھنے کے خواہاں ہیں ۔ چنانچہ اس سلسلہ میں انہوں نے جناب ظہیرالدین علی خان سے بات چیت بھی کی ہے ۔ جناب افتخار شریف آج راجندرنگر میں واقع وائی ایس کنونشن ہال میں منعقدہ 69 ویں دوبہ دو ملاقات پروگرام کو مخاطب کر رہے تھے ۔ سیاست اور ایم ڈی ایف کے زیر اہتمام منعقدہ اس پروگرام میں آج تقریباً 3000 والدین اور سرپرستوں نے شرکت کی ۔ جناب افتخار شریف نے کہاکہ اس پروگرام کے ذریعہ معاشرہ میں نہ صرف شعور بیدار کیا جا رہا ہے بلکہ شہر میں کئی شادیاں جہیز و لین دین  کے بغیر انجام پا رہی ہیں ۔ اس سلسلہ میں انہوں نے جناب ظہیرالدین علی خان  کے فرزند کی حالیہ شادی کا ذکر کیا جو نہایت سادگی کے ساتھ انجام پائی ۔ انہوں نے سیاست اور ایم ڈی ایف کے کارکنوں کو مبارکباد دی کہ اُن کی مخلصانہ کوششوں کے باعث مسلمانوں کے انداز فکر میں تبدیلی    آ رہی ہے ۔ جناب عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف نے دوبہ دو ملاقات پروگرام کی صدارت کی ۔ جناب منیرالدین خالد اور جناب محمد عبدالسمیع پروپرائٹر وائی ایس کنونشن ہال نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی ۔ جناب عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف نے کہا کہ والدین کو حقیقی خوشگوار زندگی دے سکیں ۔ انہوں نے کہاکہ حسن و سیرت اور خاندانی شرافت ہی پُرسکون اور کامیاب ازدواجی زندگی کے لئے ناگزیر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیاست اور ایم ڈی ایف کا مقصد مسلم معاشرہ سے لین دین اور فرسودہ رسومات ‘ فضول خرچی اور اسراف کو ختم کرنا ہے ۔ جناب فاضل حسین پرویز چیف ایڈیٹر ہفتہ روزہ ’’گواہ ‘‘ نے کہا کہ سادگی کے ساتھ شادی کی تقاریب پر اللہ کی رحمتوں کا نزول ہوتا ہے ۔ انہوں نے  والدین پر زور دیا کہ وہ رشتوں کے انتخاب میں اپنی خواہشات اور فرسودہ روایات سے گریز کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ سیاست کا یہ کام آج ایک تحریک کی شکل اختیار کرچکا ہے جس کے نہایت کامیاب نتائج برآمد ہو رہے ہیں ۔ انہوں نے مسلم معاشرہ میں طلاق اور خلع کے واقعات کو حیدرآبادی تہذیب کے مغائر قرار دیا کبھی کبھی ساس اور بہو کو درمیان معمولی اختلافات سے طلاق کی نوبت آجاتی ہے ۔ اسلام میں بہو کے لئے شوہر کے والدین کی خدمت ضروری نہیں لیکن اخلاقی اعتبار سے ساس و سسر کی دیکھ بھال نیک عمل  ہے ۔لیکن افسوس کی بات ہے کہ کئی گھرانوں میں بہو سے خدمت کرانے کی ضروری سمجھا جاتا ہے ۔ اس طرز عمل کو ختم کرنے کو ضرورت ہے ۔ انہوں نے مسلم معاشرہ کی اصلاح کو وقت کی ضرورت قرار دیا ۔ کیونکہ مسلمانوں میں مذہب بیزارگی اور خوف الہٰی کا جذبہ مفقود ہوتا جا رہا ہے ۔ جناب خواجہ معین الدین جنرل سکریٹری نے بھی مخاطب کیا ۔ قاری سید الیاس باشاہ کی قرات کلام پاک سے پروگرام کا آغاز ہوا ۔ جناب احمد صدیقی مکیش نے بارگاہ رسالت مآب میں ہدیہ نعت شریف پیش کرنے کی سعادت حاصل کی ۔ شہ نشین پر جناب  محمد تاج الدین ‘ ایم اے قدیر ‘ ڈاکٹر ایوب حیدری ‘ میر انورالدین ‘ محمد احمد ‘ صالح بن عبداللہ باحاذق ‘ اے اے کے امین ‘ سید ناظم الدین ‘ ڈاکٹر محمد ناظم علی ‘ ڈاکٹر سیادت علی ‘ محمد برکت علی موجود تھے ۔ زاہد فاروقی ‘ رئیس النساء ‘ خدیجہ سلطانہ ‘ ڈاکٹر دردانہ ‘ لطیف النساء ‘  کوثر جہاں ‘ شبانہ نعیم‘ عابدہ بیگم ‘ تسکین ‘ مہر النساء ‘ فاطمہ ‘ مہروز فاطمہ‘ آمنہ فاطمہ امتیاز ترنم ‘  فرزانہ ‘ مہک ‘ افسر بیگم ‘ ایم ایس جبین‘  احمدی ‘ صدیقہ ‘ صباء نکہت ‘ زبیدہ بیگم اور دوسروں نے کونسلنگ میں حصہ لیا اور رشتوں کی نشاندہی اور باہمی مشاورت کے سلسلہ میں والدین کی رہنمائی کی ۔ اس موقع پر سیاست میٹری ڈاٹ کام کاونٹر بھی قائم کیا گیا جس کی نگرانی یاسمین  ‘ مسکین نے کی ۔ دوبہ دو ملاقات میں آج لڑکیوں کے 167 اور لڑکوں کے 50 نئے رجسٹریشن کروائے گئے ۔ 69 ویںدوبہ دو ملاقات پروگرام نہایت کامیابی کے ساتھ 4 بجے شام اختتام کو پہنچا ۔ جناب عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف نے شادی خانہ کے پروپرائٹرس جناب منیرالدین خالد ‘ محمد عبدالسمیع ‘اور محمد صاحب منیجر کے تعاون و اشتراک کا شکریہ ادا کیا ۔ اس موقع پر والدین  اور سرپرستوں کے علاوہ معززین کی بڑی تعدادش شریک تھی جن میں تزئین عمر فاؤنڈیشن سکریٹری ہومین ٹیج اور محترمہ طاہرہ سلطانہ دی لائف لائن فاونڈیشن (بنگلور) نے بھی شرکت کی اور پروگرام  کی ستائش کی ۔ جناب منیرالدین خالد پروپرائٹر وائی ایس کنونشن ہال نے دوبہ دو ملاقات پروگرام کے موقع پر اعلان کیا کہ اس  پروگرام  کے ذریعہ  جتنے بھی رشتے طئے ہوں گے اور اگر والدین اس شادی خانہ میں شادی مقرر کرنے کے خواہاں ہیں تو انہیں انتظامیہ کی جانب سے معقول رعایت دی جائیگی ۔ رشتے طئے ہونے کے بعد والدین ان سے ربط پیدا کرسکتے ہیں ۔

TOPPOPULARRECENT