Thursday , August 17 2017
Home / Top Stories / دوحہ میں شیر سڑک پر نکل آیا،ٹریفک جام

دوحہ میں شیر سڑک پر نکل آیا،ٹریفک جام

دوحہ ۔ 8 ۔ مارچ (سیاست ڈاٹ کام)  قطر کے دارالحکومت دوحہ کی مصروف ترین سڑک پر آج ایک شیر کو آزادانہ گھومتے ہوئے دیکھا گیا جس کی وجہ ٹریفک جام ہوگئی تھی۔ عہدیداروں نے یہ مناظر آن لائین تیزی سے پھیلنے کے بعد واقعہ کی تحقیقات کا اعلان کیا ہے۔ تصاویر اور ویڈیو میں شیر کو دوحہ ایکسپریس وے پر کاروں کے درمیان گھومتے ہوئے دکھایا گیا۔ یوٹیوب اور ٹوئیٹر پر 20 سکنڈ کا یہ ویڈیو فٹیج تیزی سے پھیل گیا۔ شیر کے سڑک پر گھومنے کی وجہ سے ٹریفک بری طرح جام رہی۔ اس میں شیر کو پہلے ایک چلتی ٹرک سے سڑک پر کودتے ہوئے دکھایا گیا۔ وزارت داخلہ نے ٹوئیٹر پر یہ بیان دیا کہ واقعہ کی تحقیقات کی جارہی ہے۔ ٹوئیٹ میں کہا گیا ہیکہ متعلقہ حکام ملک کے مختلف علاقوں میں شیر دکھائی دینے کے عام رجحان کا بھی جائزہ لے رہے ہیں۔ ٹوئیٹر پر کئی لوگوں نے بتایا کہ یہ واقعہ آج صبح پیش آیا لیکن فوری طور پر اس کی توثیق نہیں ہوسکی۔ سوشیل میڈیا پر ایک تصویر جاری کی گئی جس میں یہ دکھایا گیا ہے کہ شیر کو پکڑلیا گیا ہے۔ ساتھ ہی ساتھ یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ وہ محفوظ ہے۔ تاہم یہ واضح نہیں ہوسکا کہ اس شیر کے حقیقی مالک کون ہیں؟ خلیج کے اکثر ممالک میں جنگلی جانوروں بشمول شیر کو پالتو جانور کے طور پر پالنے کا رجحان عام ہے۔ گزشتہ سال حکومت نے دوحہ میں ایک مفرور چیتا دستیاب ہونے پر مالکین سے اپیل کی تھی کہ وہ اسے حاصل کرلیں۔

TOPPOPULARRECENT