Friday , August 18 2017
Home / کھیل کی خبریں / دورۂ انگلینڈ میں عامرکی بھرپورمددکریں گے : اظہر

دورۂ انگلینڈ میں عامرکی بھرپورمددکریں گے : اظہر

لاہور ، یکم جون (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان ونڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے دورۂ انگلینڈ میں فاسٹ بولر محمد عامر کی بھر پور مدد کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل اب ماضی کا قصہ بن گیا ہے۔ عامر دورۂ انگلینڈ میں پاکستانی ٹیم کے اہم رکن ہوں گے۔ 14 جولائی کو شروع ہونے والے دورے میں پاکستان چار ٹسٹ، پانچ ونڈے انٹرنیشنلز اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گا۔ عامر کو 2010ء میں اسپاٹ فکسنگ کے جرم میں برطانیہ میں مختصرعرصے کیلئے جیل بھیج دیا گیا تھا۔ تاہم گزشتہ سال ان پر عائد پابندی ختم کردی گئی اور انھیں پانچ سال بعد رواں سال جنوری میں دورۂ نیوزی لینڈ کیلئے نیشنل ٹیم میں شامل کیا گیا۔ ٹسٹ ٹیم کے نائب کپتان اظہرعلی نے کہا کہ 2010 ء کا واقعہ اب عامر کیلئے ماضی بن گیا اور اب ہمیں آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔ انگلینڈ میں اسپاٹ فکسنگ میں عامر کے علاوہ اُس وقت کے کپتان سلمان بٹ اور فاسٹ بولر محمد آصف بھی شامل تھے جنھوں نے غیرقانونی مالی فوائد کے عوض ’نو بال‘ پھینکنے کا اعتراف کیا تھا۔ اظہر نے کہا کہ اس واقعے کو اب کافی عرصہ گزر چکا ہے اور عامر ہمارے ساتھ اچھی طرح گھل مل گئے ہیں، ان کیلئے اس طرح کے دورے میں مشکل پیش آسکتی تھی لیکن ہمارے ساتھ کافی عرصہ کھیلنے کی وجہ سے اب معاملات ٹھیک ہوچکے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ عامر کی واپسی کا مشکل وقت گزر گیا ہے لیکن یہ بات یاد رکھنے کی ہے کہ انگلینڈ کے اس ٹور میں ان پر اضافی دباؤ ہوسکتا ہے۔ ونڈے کرکٹ کے کپتان نے کہا: ’’میں جانتا ہوں کہ انگلینڈ وہی جگہ جہاں 2010ء میں یہ واقعہ پیش آیا تھا لیکن امید ہے کہ وہ اس دباؤ پر اسی طرح قابو کرلیں گے جس طرح پانچ سال بعد کرکٹ میں شاندار واپسی کی۔‘‘ عامر نے 2010ء کی سیریز میں 17 وکٹیں لئے اور سیریز ایوارڈ جیتے تھے۔ پاکستانی ٹیم انگلینڈ میں سیریز کے باقاعدہ آغاز سے قبل جولائی کے پہلے ہفتے میں دو وارم اپ میچز کھیلے گی۔

TOPPOPULARRECENT