Thursday , August 17 2017
Home / کھیل کی خبریں / دورہ زمبابوے ‘ کوئی ہندوستانی کرکٹر عصمت ریزی میں ملوث نہیں

دورہ زمبابوے ‘ کوئی ہندوستانی کرکٹر عصمت ریزی میں ملوث نہیں

ہرارے میں اسپانسر س کے ایک عہدیدار کی گھناؤنے جرم کے الزام میں گرفتار ی کے بعد سرکاری ذرائع کا دعوی
نئی دہلی 19 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کا دورہ زمبابوے آج تنازعہ کا شکار ہوگیا جبکہ سیریز کے ایک اسپانسر سے تعلق رکھنے والے عہدیدار کو عصمت ریزی کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا حالانکہ اس شخص نے کسی غلط کاری کی تردید کی ہے ۔ اصل طوفان اس وقت اٹھ کھڑا ہوا جب زمبابوے کے میڈیا میں اطلاع دی گئی کہ ایک نا معلوم ہندوستانی کرکٹر کو عصمت ریزی کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے ۔ اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ ہندوستانی سفیر آر مساکوئی نے کل رات ہرارے میں ہوٹل سے ہندوستانی کرکٹر کی گرفتاری کو روکنے کوشش کی تھی ۔ تاہم ہندوستان میں سرکاری ذرائع نے ان اطلاعات کی تردید کی ہے اور کہا کہ جس شخص کو مبینہ عصمت ریزی کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے وہ در اصل جاریہ محدود اوورس کی سیریز کے اسپانسرس میں سے ایک سے تعلق رکھتا ہے ۔ ذرائع نے کہا کہ جہاں ہندوستانی کرکٹر کی مبینہ طور پر عصمت ریزی میں ملوث رہنے کے کا سوال ہے ہم نے زمبابوے میں ہمارے سفیر سے بات چیت کی ہے یہ رپورٹ بالکل غلط ہے ۔

کوئی بھی ہندوستانی کرکٹر اس طرح کے کسی بھی واقعہ میں ملوث نہیں ہے ۔ ذرائع نے کہا کہ ایک ہندوستانی شخص جو اسپانسرس میں سے ایک سے تعلق رکھتا تھا گرفتار کیا گیا ہے ۔ اس نے بھی عصمت ریزی میں ملوث رہنے کی تردید کی ہے اور کہا کہ وہ اپنی معصومیت ثابت کرنے کیلئے ڈی این اے ٹسٹ کروانے کو بھی تیار ہے ۔ ہمارے سفیر اس مسئلہ پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ نے اپنی جانب سے کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کردیا ہے اور کہا کہ اسے ابھی تک اس مسئلہ پر حقائق کا علم نہیں ہے اور فی الحال کوئی تبصرہ نہیں کیا جاسکتا ۔ بی سی سی آئی کے ایک عہدیدار نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ہم اس پر نظر رکھے ہوئے ہیں ۔ یہ ایک سنگین مسئلہ ہے ۔ اس بات کو سمجھتے ہوئے کہ یہ حساس نوعیت کا مسئلہ ہے بی سی سی آئی کی جانب سے حقائق کا پتہ چلائے اور معلومات حاصل کئے بغیر کوئی تبصرہ نہیں کیا جائیگا ۔ زمبابوے کے خلاف ہندوستان نے تین ونڈے میچس کی سیریز میں وائیٹ واش کیا ہے اور اب اس کی تین ٹوئنٹی 20 میچس کی سیریز چل رہی یہ جس کے ابتدائی میچ میں زمبابوے نے کامیابی حاصل کرلی تھی ۔ دونوں ٹیموں کے مابین دوسرا ٹوئنٹی 20 میچ کل ہرارے ہی میں کھیلا جانے والا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT