Wednesday , October 18 2017
Home / کھیل کی خبریں / دوسرا ٹسٹ : چوتھے روز ہندوستانی فتح میں بارش حائل

دوسرا ٹسٹ : چوتھے روز ہندوستانی فتح میں بارش حائل

ویسٹ انڈیز 304 رنز سے پچھڑنے کے بعد دوسری اننگز میں 48/4 ۔ سمیع کو دو کٹیں
کنگسٹن ، 3 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کی فتح کی سمت پیشرفت میں موسم حائل ہوگیا جیسا کہ بارش نے چوتھے روز کا کھیل جلد ختم کردینے پر مجبور کیا اور اس سے قبل ویسٹ انڈیز یہاں جاری دوسرے ٹسٹ کی اپنی دوسری اننگز میں 48/4 تک گھٹ چکے تھے۔ پہلی اننگز میں ویسٹ انڈیز کے 196 کے جواب میں انڈیا نے 500/9d اسکور کرتے ہوئے 304 رنز کی سبقت حاصل کی تھی۔ سبینا پارک میں بارش کا آنکھ مچولی کا کھیل چلتا رہا جبکہ میزبانوں نے لنچ تک چار وکٹیں کھو دیئے حالانکہ صرف 15.5 اوورز پھینکے گئے تھے۔ وقفے کے دوران مطلع صاف رہا لیکن مقررہ وقت پر کھیل کے احیاء سے چند منٹ قبل پھر سے بارش ہونے لگی۔ اس کے بعد کچھ بھی کھیل ممکن نہ ہوا اور دن کا کھیل مقامی وقت سہ پہر 3.40 بجے ختم کردیا گیا۔ منطقہ حارہ کا طوفان ’ارل‘ جمائیکا میں بھرپور شدت کے ساتھ نہیں آیا لیکن وقفے وقفے سے بارش نے یقینی بنا دیا کہ مارننگ سیشن میں کھیل کا زیادہ تر وقت ضائع ہوااور ماباقی دن کیلئے بھی پیش قیاسی اچھی نہ رہی۔ میزبانوں کی کوشش رہے گی کہ پانچویں روز کسی طرح میچ بچایا جائے جبکہ مقامی وقت صبح 9.30 بجے کھیل شروع ہوگا اور دن بھر میں 98 اوورز پھینکے جائیں گے۔ ویسٹ انڈیز کی ابھی تک ناقص بیٹنگ کو دیکھتے ہوئے یہ ممکن نظر نہیں آتا کہ وہ انڈیا کو دوبارہ بیٹنگ پر مجبور کرپائیں گے۔ قبل ازیں کل رات کی بارش کی وجہ سے صبح میں کھیل 75 منٹ تاخیر سے شروع ہوا۔ پھر وقفے وقفے سے بارش کے سبب کھیل میں خلل ہوتا رہا۔ تاہم اس درمیان جو بھی کھیل ممکن ہوا ، اس میں ایشانت شرما (1/19) نے راجیندر چندریکا (1) کو آؤٹ کیا۔ کریگ براتھویٹ (23) کو امیت مشرا (1/4) نے کیچ آؤٹ کرایا۔ ایک اور وقفے کے بعد حالات کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے محمد سمیع (2/25) نے مارلن سامیلس(0) اور ڈارن براوو (20) کو پویلین واپس بھیج دیا۔ جرمین بلیک ووڈ (3*) ناٹ آؤٹ رہے۔ دورہ کنندگان نے پہلا ٹسٹ انٹیگا میں اننگز اور 92 رنز سے جیتا تھا۔

TOPPOPULARRECENT