Thursday , September 21 2017
Home / کھیل کی خبریں / دوسرا ٹسٹ ڈرا، چار دن بارش کی نذر ہوئے

دوسرا ٹسٹ ڈرا، چار دن بارش کی نذر ہوئے

بنگلورو ، 18 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) چار دن کا کھیل متواتر بارش کی نذر ہوجانے اور میدان کھیل کیلئے ناسازگار ہونے کے نتیجہ میں ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرا کرکٹ ٹسٹ آج یہاں باضابطہ ڈرا قرار دیا گیا جبکہ میزبانوں کو چار میچ کی سیریز میں بدستور 1-0 کی سبقت حاصل ہے۔ میدان پر فرائض انجام دینے والے امپائروں نے مقامی وقت 11:30 بجے گراؤنڈ کے معائنہ کے بعد میچ کو ختم کردیا ۔ہندوستان نے پہلے دن کے ممکنہ کھیل میں جنوبی افریقہ کو پہلی اننگز میں 214 پر آل آؤٹ کرنے کے بعد جوابی اننگز میں 80/0 اسکور کئے تھے ۔  ہندوستان میں ٹسٹ کرکٹ کی تاریخ میں یہ پہلی مرتبہ ہوا کہ مسلسل چار دن کا کھیل بارش کی نذر ہوگیا ۔ ہندوستان میں کسی ٹسٹ کا زیادہ تر حصہ موسم کی نذر ہوجانے کا آخری موقع لگ بھگ ایک دہا قبل پیش آیا تھا جب ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان چینائی ٹسٹ میں تقریباً تین دن کھیل نہیں ہوسکا تھا ۔ ہندوستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں اب ناگپور کاسفر کریں گی جہاں تیسرا ٹسٹ مقرر ہے ۔ ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی نے لگاتار چار دن کھیل ممکن نہ ہونے پر مایوسی کا اظہار کیا ۔ انھوں نے ٹیم کے وکٹ کیپر وردھمان ساہا کے تعلق سے کہا کہ انھوں نے اب تک توقعات کے مطابق کھیلاہے ۔ مختلف گوشوں کی جانب سے ساہا کی قابلیتوں پر سوال اُٹھائے جانے کے پس منظر میں کپتان کا یہ ریمارک اہمیت رکھتا ہے ۔ دریں اثناء مہمان کیپٹن ہاشم آملہ نے اعتراف کیا کہ وہ اس میچ سے کچھ زیادہ مثبت باتیں اخذ نہیں کرسکتے ۔ یہ میچ خاص طورپر اے بی ڈی ویلیرس کیلئے نمایاں رہا کیونکہ انھوں نے اپنے 100 ویں ٹسٹ میں 85 رنز کی اننگز کھیلی ۔
آخری دو ٹسٹ کیلئے ہندوستانی ٹیم میں تبدیلی نہیں
اس دوران ہندوستان کے نیشنل سلیکٹرس نے 17رکنی انڈین اسکواڈ میں جنوبی افریقہ کے خلاف جاری چار میچ کی سیریز کے قطعی دونوں ٹسٹ کیلئے کوئی تبدیلی نہیں کی ۔ ویراٹ کوہلی زیرقیادت میزبان ٹیم کو موجودہ طورپر سیریز میں 1-0 کی سبقت حاصل ہے ۔ آل انڈیا سینئر سلیکشن کمیٹی کی میٹنگ آج بنگلور میں منعقد ہوئی جہاں فیصلہ کیا گیا کہ اسکواڈ میں تبدیلی کی ضرورت نہیں۔

TOPPOPULARRECENT