Sunday , September 24 2017
Home / شہر کی خبریں / دوعازمین حج کو محرم کی حیثیت سے سعودی روانگی کی اجازت

دوعازمین حج کو محرم کی حیثیت سے سعودی روانگی کی اجازت

تلنگانہ حج کمیٹی کی غیر معمولی مستعدی ، آج روانگی متوقع
حیدرآباد۔ 16 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ حج کمیٹی کی مستعدی اور مساعی کے سبب دو عازمین حج کو محرم کی حیثیت سے لمحہ آخر میں سعودی عرب روانگی کی اجازت مل چکی ہے۔ مچھلی پٹنم ضلع کرشنا سے تعلق رکھنے والے ایک جوڑے کا حرم شریف میں پیش آئے واقعہ میں انتقال ہوگیا تھا اور ان کے ساتھ دو خواتین بھی حج کیلئے روانہ ہوئی تھیں اور انہیں حج کی تکمیل کیلئے محرم کی ضرورت تھی۔ اس کے علاوہ بودھن ضلع نظام آباد سے تعلق رکھنے والے شیخ احمد علی کا جمعہ کو قلب پر حملہ کے باعث انتقال ہوا اوران کی اہلیہ حبیبہ بیگم کو فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے محرم کی روانگی ضروری تھی۔ ان دونوں واقعات میں تلنگانہ حج کمیٹی کے اسپیشل آفیسر پروفیسر ایس اے شکور نے شخصی دلچسپی لیتے ہوئے کونسل جنرل جدہ مبارک اور چیف اگزیکیٹیو آفیسر سنٹرل حج کمیٹی عطا الرحمن سے ربط قائم کیا اور اسپیشل کیس کے طور پر ان دونوں کیلئے محرم کی روانگی یقینی بنانے کی خواہش کی۔ جمعہ کے دن سعودی سفارتخانہ نے ویزا کی اجرائی بند کردی تھی لیکن تلنگانہ حج کمیٹی کی نمائندگی پر سعودی سفارتخانہ نے دو محرم افراد کیلئے خصوصی طور پر ویزا جاری کیا ہے۔ مچھلی پٹنم سے تعلق رکھنے والی خواتین زرینہ بی اور بی بی جان کیلئے محرم کے طور پر بی بی جان کے فرزند عبدالقادر کو روانہ کیا جارہا ہے ۔ سعودی کونسلیٹ کی جانب سے ویزا کی منظوری کے بعد توقع ہے کہ وہ کل جمعرات کو ممبئی سے سعودی عرب کیلئے پرواز کریں گے۔ اسپیشل آفیسر کی مساعی پر صرف چند گھنٹوں میں دونوں کو ویزا جاری کیا گیا۔ شیخ احمد علی مرحوم کی اہلیہ حبیبہ بی کے محرم کے طور پر ان کے فرزند شیخ استخار احمد کو روانہ کیا جارہا ہے ۔ ان کا پاسپورٹ 2006 ء میں ختم ہوچکا تھا لیکن ریاستی حج کمیٹی کی مساعی پر اندرون تین گھنٹے ریجنل پاسپورٹ آفیسر نے نیا پاسپورٹ جاری کیا ۔ استخار احمد بھی کل ممبئی سے پرواز کریں گے۔ عازمین حج کی ہندوستان سے روانگی کا سلسلہ صرف ممبئی سے جاری ہے اور توقع ہے کہ 18 ستمبر کو عازمین حج کا آخری قافلہ ہندوستان سے پرواز کرے گا۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے زخمی عازم شیخ مجیب کی حالت مستحکم ہے اور خادم الحجاج ان کی صحت اور علاج پر توجہ کئے ہوئے ہیں۔ مکہ مکرمہ سے کئی خادم الحجاج نے رپورٹ روانہ کرتے ہوئے عازمین حج کی خیریت کی اطلاع دی ہے ۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT