Tuesday , August 22 2017
Home / شہر کی خبریں / دونوں ریاستوں میں شدید بارش‘ بجلی گرنے سے 19 ہلاک

دونوں ریاستوں میں شدید بارش‘ بجلی گرنے سے 19 ہلاک

حیدرآباد ۔ 6 ستمبر ( سیاست نیوز) دونوں ریاستوں تلنگانہ اور آندھراپردیش میں اتوار کے دن شدید بارش ہوئی ۔آندھراپردیش کے پانچ اضلاع میں بجلی گرنے سے19 افراد ہلاک ہوئے۔ خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی کے باعث سریکاکلم ‘ وجیانگرم اور وشاکھاپٹنم میں شدید بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ تلنگانہ میں بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا ۔ آج حیدرآباد و سکندرآباد میںبھی دوپہر کے وقت موسلادھار بارش ہوئی ۔سڑکیں جھیل میں تبدیل ہوگئیں اور ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا ۔ کئی علاقوں میں شدید بارش کے سبب کاریں موٹرسائیکلس اور آر ٹی سی بس بھی ناکارہ ہوگئیں ۔ نشیبی علاقوں تالاب کٹہ ‘ ٹولی چوکی ‘ حکیم شاہ کالونی ‘ سعیدآباد سنگارینی کالونی ‘ میں پانی داخل ہونے سے عوام میں سنسنی پھیل گئی۔ ملک پیٹ علاقے  میں مکان کی بوسیدہ دیوار منہدم ہوگئی اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔ دلسکھ نگر ‘ ملک پیٹ ‘ مہدی پٹنم ‘ ٹولی چوکی‘ عطاپور ‘ جوبلی ہلز ‘ بنجارہ ہلز اور پنجہ گٹہ کے علاوہ سکندرآباد ‘ ملکاجگیری اور بوئن پلی وغیرہ میں بھی بارش کی وجہ سے سڑکوں پر پانی جمع ہوا ۔ پنجہ گٹہ اور جوبلی ہلز چیک پوسٹ پر ٹریفک جام دیکھی گئی ۔ چادر گھاٹ ریلوے بریج اور نلگنڈہ فلائی اوور بریج کے قریب ٹریفک گھنٹوں تک متاثر رہی اور ٹریفک کے بہاوکو باقاعدہ بنانے کے لئے کوئی بھی ٹریفک عملہ سڑکوں پر نظر نہیں آیا جس کے نتیجہ میں عوام نے خود ٹریفک پولیس کا رول ادا کرتے ہوئے ٹریفک کے بہاو کو باقاعدہ بنانے کے لئے کوششیں کی ۔جی ایچ ایم سی عملہ بھی متاثرہ علاقوں میں نہیں دیکھاگیا جس سے عوام میں تشویش پائی گئی۔ محکمہ موسمیات نے بتایاکہ آنے والے دو دنوں کے دوران بارش میں اضافہ ہوسکتا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT