Sunday , April 30 2017
Home / Top Stories / دونوں شہروں اور مضافات میں غیر موسمی بارش ‘ موسم خوشگوار

دونوں شہروں اور مضافات میں غیر موسمی بارش ‘ موسم خوشگوار

شدت کی گرمی سے عوام کو قدرے راحت ۔ آئندہ دو دنوں میں بھی ہلکی بارش کا امکان
حیدرآباد۔4اپریل (سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے علاوہ نواحی علاقوں میں غیر موسمی برسات کے سبب موسم انتہائی خوشگوار ہوگیا ۔ گذشتہ ایک ہفتہ سے جاری شدید گرمی کے دوران آج صبح سے ہی وقفہ وقفہ سے مطلع ابر آلود ہونے لگا تھا لیکن شام کے وقت اچانک موسلادھار بارش شروع ہوگئی جس کے نتیجہ میں شہر کے اطراف اور شہر کے کئی علاقوں میں برقی سربراہی منقطع ہوگئی۔ موسم گرما کے دوران ہوئی شدید بارش نے شہریوں کو بڑی حد تک راحت پہنچائی لیکن اس راحت کے ساتھ برقی سربراہی کئی گھنٹے منقطع ہوجانے کے سبب مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔حیدرآباد کے علاوہ مضافاتی علاقو ںمیں بارش کے ساتھ ژالہ باری کی بھی اطلاعات ہیں ۔ دونوں شہروں میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش کے سبب بعض مقامات پر برقی تار منقطع ہونے کی شکایات موصول ہوئی لیکن ان سے کوئی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ شہر میں زائد از ایک گھنٹہ ہلکی اور تیز رفتار بارش کے سبب کئی سڑکیں جھیل میں تبدیل ہوگئیں ۔ ان سڑکوں پر فوری پانی کی نکاسی کا انتظام نہ ہونے کے سبب راہگیروں کو کچھ دیر کیلئے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔محکمہ برقی کے عہدیدارو ںنے بتایا کہ تیز ہواؤں سے نقصانات اور برقی تاروں کے گرنے کے خدشات کے تحت برقی احتیاطی طور پر منقطع کردی گئی تھی ۔ پرانے شہر کے علاقو ںمیں بارش کے دوران مختصر وقت کیلئے برقی سربراہی منقطع رہی لیکن شہر کے علاقوں جوبلی ہلز‘ راجندر نگر‘ بنجارہ ہلز ‘ لکڑی کاپل‘ نامپلی‘ خیریت آباد‘ بندلہ گوڑہ‘ ایرہ کنٹہ‘ ملک پیٹ و دیگر علاقوں میں کئی گھنٹوں تک برقی بحال نہیں کی جا سکی۔محکمہ موسمیات کی جاری تفصیلات کے مطابق شام 5بجے تا 7بجے کے دوران شاہ پور میں 37ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ جیڈی میٹلہ میں 28ایم ایم بارش ریکارڈ کی گئی۔ اسی طرح گولکنڈہ اور بالانگر میں 25ایم ایم بارش ریکارڈ کی گئی اور شیخ پیٹ میں 24ایم ایم بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ جوبلی ہلز میں 13شیرلنگم پلی میں 13ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ پرانے شہر کے علاقوں چارمینار‘ بہادر پورہ‘ شاہ علی بنڈہ اور سنتوش نگر میں بھی ہلکی اور موسلا دھار بارش کے سبب شہریوں نے راحت کی سانس لی ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دو یوم کے دوران موسم میں اسی طرح کی تبدیلی دیکھی جاتی رہیگی اورامکان ہے کہ آئندہ دو یوم کے دوران بھی ہلکی اور تیز بارش ریکارڈ کی جائیگی۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT