Thursday , September 21 2017
Home / Top Stories / دونوں شہروں میں آج جشن عید میلاد النبیؐ

دونوں شہروں میں آج جشن عید میلاد النبیؐ

مکہ مسجد میں خطبہ میلاد ، تعمیر ملت کا جلسہ اور جلوس و آثار مبارک
حیدرآباد 23 ڈسمبر (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں 24 ڈسمبر کو 12 ربیع المنور کے موقع پر جوش و خروش کے ساتھ عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ و سلم کا انعقاد عمل میں آئے گا۔ عید میلادالنبی ﷺ کے سلسلہ میں دونوں شہروں کے مختلف مقامات بالخصوص پرانے شہر کے کئی علاقوں میں عظیم الشان پیمانے پر سجاوٹ کے انتظامات کئے گئے ہیں۔ شہر میں کئی مقامات پر جلسۂ میلاد مصطفی ﷺ کے اہتمام کے علاوہ زیارت آثار شریف کا اہتمام عمل میں آئے گا۔ حسب روایت قدیم تاریخی مکہ مسجد میں خطبۂ میلاد پڑھا جائے گا اور صبح 9 بجے کل ہند مجلس تعمیر ملت کی جانب سے 66 ویں جلسہ یوم رحمۃ اللعالمین ﷺ کا انعقاد نظام کالج گراؤنڈ میں عمل میں آئے گا۔ علاوہ ازیں تاریخی چارمینار سے مختلف تنظیموں کی جانب سے میلاد جلوس کا آغاز ہوگا جوکہ گلزار حوض، پتھرگٹی، مدینہ بلڈنگ، سالار جنگ میوزیم، دارالشفاء، پرانی حویلی، منڈی میر عالم سے گزرتا ہوا بی بی بازار چوراہا، مغلپورہ پہونچے گا جہاں جلوس کا اختتام عمل میں آئے گا۔ عید میلاد النبی ﷺ کے موقع مکہ مسجد کے عقب میں واقع خانقاہ میں زیارت آثار مبارک کا اہتمام دن بھر رہے گا۔ جبکہ شہر کی مختلف خانقاہوں میں ذکر و درود اور قصیدہ بردہ شریف کی محفلوں کے انعقاد کے علاوہ آثار مبارک کی زیارت کروائی جائے گی۔  میلاد جلوس کا آغاز علماء و مشائخین کی دعاؤں کے بعد ہوگا۔ مرکزی میلاد جلوس کے علاوہ مختلف علاقوں میں محلہ کمیٹیوں کی سطح پر بھی علیحدہ جلوس نکالے جائیں گے۔ فوکس اور تنظیم ارشاد المسلمین کی جانب سے کتب خانہ آصفیہ افضل گنج اور عیدگاہ بالامرائی میں میلاد بلڈ کیمپ کا انعقاد عمل میں آئے گا جہاں عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر عاشقان رسول صلی اللہ علیہ و سلم خون کا عطیہ دیتے ہوئے تھلسمیا سے متاثرہ بچوں کی مدد کرسکتے ہیں۔

خواتین کا ایرانی و اسلامی نمونہ
سالار جنگ میوزیم میں نمائش
حیدرآباد۔ 23 ڈسمبر (این ایس ایس) قونصل جنرل اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے سالار جنگ میوزیم کے باہمی تعاون و اشتراک کے ساتھ ’’خواتین کا ایرانی اور اسلامی نمونہ‘‘ پر مبنی نمائش کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ سابق وزیر ڈاکٹر گیتا ریڈی 26 ڈسمبر کو 3 بجے سہ پہر اس نمائش کا افتتاح کریں گی اور یہ عوام کیلئے 27 تا 29 ڈسمبر 10 تا 5 بجے شام جاری رہے گی۔ ڈاکٹر کرسٹینا زیڈچھونگتو مینیجنگ ڈائریکٹر تلنگانہ اسٹیٹ ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن مہمان خصوصی ہوں گے۔

TOPPOPULARRECENT