Sunday , October 22 2017
Home / شہر کی خبریں / دونوں شہروں میں ترقیاتی کاموں کا ریکارڈ صفر

دونوں شہروں میں ترقیاتی کاموں کا ریکارڈ صفر

سڑکوں کی خستہ حالی کو دور کرنے کوئی اقدامات نہیں ، عوام کو بے شمار دشواریاں
حیدرآباد۔17ڈسمبر ( سیاست کام ) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے بیشتر علاقوں میں ترقیاتی کام  بالخصوص سڑکوں کی خستہ حالی کو دور کرنے کیلئے کوئی اقدامات ہوتے نظر نہیں آرہے ہیں ۔ بعض علاقوں میں گلی کوچوں کی سڑکوں کی مرمت کے یہ تاثر دینے کی کوشش کی جارہی ہے کہ سڑکوں کی حالت کو بہتر بنانے کے اقدامات جاری ہیں لیکن شہر کے کئی علاقوں میں آج بھی صورتحال انتہائی ابتر ہے ۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے بلدی حدود میں 1800کلومیٹر پر سڑکوں کی تعمیر مکمل کرنے کے علاوہ دونوں شہروں میں موجود زائد از 11000 گڑھوں کو بند کرنے کا اعلان کیا تھا اور اس عمل کیلئے 337کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں لیکن پرانے شہر کے علاقوں فلک نما ‘ جہاں نما ‘ اسمعیل نگر کے علاوہ عیدی بازاری  ‘ رین بازار ‘ معین باغ میں سڑکوں کی ابتر صورتحال کو دیکھتے ہوئے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ بلدی عہدیداروں کو ان علاقوں کی بہتری سے کوئی دلچسپی نہیں ہے ۔ یاقوت پورہ کالونی میں بھی سڑک کی ابتر صورتحال کے سبب عوام کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔  عموماً یہ دیکھا جارہا ہے کہ بلدی عہدیدار شہر کی مرکزی سڑکوں کو بہتر بناتے ہوئے یہ تاثر دے رہے ہیں کہ بلدیہ کی جانب سے تیزی کے ساتھ کام انجام دیا جارہا ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ کئی محلہ جات میں بلدیہ کی عدم توجہی اور عوامی نمائندوں کی لاپرواہی کے سبب نہ صرف سڑکوں پر گڑھے ہیں بلکہ کئی مین ہولس کھلے پڑے نظر آرہے ہیں ۔ جی ایچ ایم سی نے دونوں شہروں میں 337کروڑ کے خرچ سے سڑکوں کی تعمیر کا اعلان کیا ہے لیکن اس اعلان پر عملی اقدامات ہوتے نظر نہیں آرہے ہیں ۔ علاوہ ازیں عہدیداروں نے اس بات کا دعویٰ کیا ہے کہ تاحال جی ایچ ایم سی کی جانب سے 8300گڑھوں کو بند کیا جاچکا ہے ۔ عہدیدار یہ بات واضح طور پر کہہ رہے ہیں کہ جن مقامات سے شکایات موصول ہورہی ہے وہ ان مقامات کی شکایات کو دور کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں لیکن پرانے شہر کے علاقوں سے شکایات کی عدم وصولی کے سبب اس جانب توجہ مبذول نہیں ہوپارہی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ آئندہ ہفتہ شہر کے بیشتر علاقوں میں تعمیری سرگرمیوں کا آغاز ہوگا چونکہ بلدی انتخابات سے قبل شہر کی سڑکوں کو بہتر بنانے کے عمل کو شروع کرنے کی سخت ہدایات جاری کی گئی ہے جس پر عمل کرتے ہوئے بلدی عہدیدار خستہ حال سڑکوں کی نشاندہی اور ان کی مرمت کے عمل کے آغاز کا جائزہ لینے میں مصروف ہیں ۔

TOPPOPULARRECENT