دونوں شہروں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ۔ موسم خوشگوار

   

حیدرآباد۔26۔مئی (سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآبا دمیں سہ پہر کے بعد اچانک موسم تبدیل ہوگیا اور بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی جبکہ کئی علاقوں میں مطلع ابرآلود ہونے کے ساتھ بوندا باندی ہوئی لیکن بارش نہیں ہوئی ۔ شیخ پیٹ‘ جوبلی ہلز ‘ کونڈاپور‘ گچی باؤلی‘ اپل‘ راجندرنگر‘ اپل‘ عطاپور‘ گولکنڈہ ‘ شیرلنگم پلی‘ میڑچل‘ رنگاریڈی کے علاوہ عنبر پیٹ ‘ ملکا جگری اور حمایت نگر میں بارش ہوئی ۔ نامپلی تاج آئسکریم چوراہے کے قریب زیر تعمیر ریوینیو ڈویژن آفیسر (آرڈی او) کے دفتر کی ٹین شیڈ تیز ہواؤں کے سبب فضاء میں اڑ کر گاڑیوں پر جاگری جس کی وجہ سے 3 گاڑیو ں کو نقصان پہنچا۔ شہر کے اطراف علاقوں میں موسلا دھار بارش کے سبب ٹریفک کی آمد و رفت میں خلل پیدا ہوا کیونکہ چند منٹوں کی بارش میں شہر کی کئی سڑکیں جھیل میں تبدیل ہوگئیں۔ کئی اضلاع میں مطلع ابر آلود ہونے اور بار ش کی اطلاع ہے ۔ محکمہ موسمیات کی تفصیلات کے مطابق نرمل‘ سدی پیٹ ‘ جنگاؤ‘ کریم نگر ‘ سرسلہ اور نظام آباد میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ماہرین موسمیات کے مطابق یہ ماقبل مانسون کی بارشیں ہیں جبکہ تلنگانہ میں مانسون سرگرم ہونے ایک ہفتہ لگ سکتا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں مطلع ابرآلود ہونے اور بوندا باندی و بارش کے سبب درجہ حرارت میں کافی گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے لیکن آئندہ 24گھنٹوں میں شہر میں بارش کے آثار نہیں ہیں جبکہ نواحی علاقو ںمیں بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ دونوں شہروں میں 10جون تک مانسون سرگرم ہوجائے گا لیکن اس سے قبل ماقبل مانسون بارشوں کا امکان ہے۔