Tuesday , September 26 2017
Home / شہر کی خبریں / دونوں شہروں میں سڑکوں کی حالت انتہائی خراب ‘ بلدیہ خاموش

دونوں شہروں میں سڑکوں کی حالت انتہائی خراب ‘ بلدیہ خاموش

اہم اور مصروف مقامات پر حادثات میں اضافی ۔ عوام کو مشکلات کا سامنا
حیدرآباد ۔ /4 ستمبر (سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کی سڑکوں کی حالت انتہائی خستہ ہوچکی ہے اس کے باوجود جی ایچ ایم سی عہدیدار خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں جبکہ عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ شہر کے مرکزی مقام عابڈس کے قریب گزشتہ چند دنوں کے دوران کئی حادثات رونما ہوچکے ہیں اس کے باوجود سڑک کو مسطح کرنے کے اقدامات نہیں کئے جارہے ہیں ۔ چراغ علی لین تا لٹل فلاور اسکول جہاں اسکولی طلبہ کی آمد و رفت کافی زیادہ ہوتی ہے ۔ اس علاقے میں بھی سڑک کی حالت انتہائی ابتر ہوچکی ہے ۔ گزشتہ یوم پیش آئے حادثہ میں ایک خاتون چلتی گاڑی سے گرپڑیں جنہیں کافی چوٹیں آئیں ۔ مقامی عوام کے بموجب متعدد مرتبہ توجہ دہانی کے باوجود سڑک کو بہتر بنانے کے اقدامات نہیں کئے جارہے ہیں ۔ اسی طرح جام باغ سے معظم جاہی مارکٹ پہونچنے والی سڑک کی حالت بھی انتہائی ابتر ہے اور آئے دن اس سڑک پر بھی حادثات رونما ہورہے ہیں ۔ شہر کے مختلف مقامات بالخصوص اہم سڑکوں کی ابتری عوام کیلئے جان لیوا ثابت ہوسکتی ہے اسی لئے یہ ضروری ہے کہ بلدی عہدیدار فوری طور پر سڑکوں کی ازسرنو تعمیر کو یقینی بناتے ہوئے مختلف مقامات پر موجود کھڈ بند کرنے کے اقدامات کریں ۔ پرانے شہر کے کئی علاقوں میں سڑکوں کی حالت کی ابتری سے عوام مختلف عارضوں بالخصوص کمر اور پیٹھ میں درد کے علاوہ گردن میں درد کی شکایات کرنے لگے ہیں  ۔ ڈاکٹرس کا کہنا ہے کہ غیر مسطح سڑکوں پر مسلسل سواری کے باعث اس طرح کی شکایات میں مسلسل اضافہ دیکھا جارہا ہے ۔ ان عوارض سے عوام کو محفوظ رکھنے کے لئے یہ ضروری ہے کہ شہر کی سڑکوں کو بہتر بنایا جائے اور انہیں جلد خراب ہونے سے بچانے کیلئے ہیوی وہیکل کو شہری علاقوں میں داخل ہونے سے روکا جائے ۔ بلدیہ کے اعلیٰ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ شہری علاقوں میں ہیوی وہیکل کی آمد و رفت کے باعث شہر کی اہم سڑکیں جلدی خراب ہورہی ہیں اور اس سلسلے میں ٹریفک پولیس کو بھی مطلع کیا گیا ہے لیکن ہیوی وہیکل ٹریفک کو فوری طور پر روکنے کے کوئی انتظامات نہ ہونے کے سبب اس صورتحال کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس سلسلے میں بلدی عہدیدار بہت جلد محکمہ ٹریفک پولیس کے عہدیداروں سے مشاورت کرتے ہوئے ہیوی وہیکل ٹریفک کو فوری روکنے کے اقدامات کے متعلق غور کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں ۔

TOPPOPULARRECENT